یواین آئی
احمد آباد؍؍کانگریس نائب صدر راہل گاندھی گجرات میں آج سے اپنے دو روزہ انتخابی دورے سے پہلے حکمران بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ایک اور سوال پوچھا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ بی جے پی نے گجرات میں گزشتہ انتخابات کے دوران 50 لاکھ نئے گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پانچ سال میں صرف 4.72 لاکھ گھر ہی بنایاگیا۔ راہل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا- ’22 سالوں کا حساب، گجرات مانگے جواب. گجرات کے حالات پر پردھان منتری جي سے پہلا سوال: 2012 میں وعدہ کیا کہ 50 لاکھ نئے گھر دیں گے ۔ 5 سال میں بنائے صرف 4.72 لاکھ گھر۔پردھان منتري جي بتائیے کہ کیا یہ وعدہ پورا ہونے میں 45 سال اور لگیں گے ؟ ‘ واضح رہے کہ گجرات میں انتخابی مہم کے دوران راہل بی جے پی اور مسٹر مودی سے سوال پر سوال پوچھ رہے ہیں جس پر برسراقتدار پارٹی کا ان پر صرف سوال پوچھنے اور خود جواب نہ دینے کا الزام لگایا ہے ۔ اس سے پہلے گذشتہ 27 نومبر کو انہوں نے رافیل سودے اور امت شاہ کے بیٹے کی کمپنی کے معاملہ پر حملہ بولتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا۔’چہرے پر شکن، ماتھے پر پسینہ ڈرے ڈرے سے صاحب نظر آتے ہیں شہزادہ ، رافیل کے سوالوں پر جانے کیوں ان کے ہونٹ سل جاتے ہیں ‘۔ مسٹر گاندھی آج سومناتھ میں پوجا کرکے اپنے دو دن کے ایک اور گجرات دورے کا آغاز کریں گے ۔