سی بی آئی رابڑی کے گھربھی آئی !

0
0

زمین کے عوض ریلوے میں نوکری دینے کے معاملے میں کی تفتیش
یواین آئی

پٹنہ؍؍ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر اور سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی سے آج ان کی سرکاری رہائش گاہ پر مرکزی تفتیشی ایجنسی ( سی بی آئی ) کی ٹیم نے زمین کے عوض ریلوے میں ملازمت کے معاملے میں پوچھ گچھ کی۔سرکاری ذرائع نے سموار کو یہاں بتایا کہ سی بی آئی کی ٹیم صبح کے وقت مسز رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ 10، سرکلر روڈ پہنچی اور زمین کے بدلے ریلوے میں نوکری دینے کے معاملے میں تقریباً چار گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ کی۔ اس دوران آر جے ڈی کارکنان ان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے پر بیٹھے رہے اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے مسز رابڑی دیوی کو نوٹس دیا تھا۔ پہلے یہ تفتیش سی بی آئی کے دفتر میں ہونی تھی لیکن بعد میں انہیں راحت دیتے ہوئے سی بی آئی کی ٹیم ان کے گھر پر پوچھ گچھ کے لیے تیار ہوگئی۔پوچھ گچھ کے بعد،مسز رابڑی دیوی اپنے چھوٹے بیٹے اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ قانون ساز کونسل کی کارروائی میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئیں۔ پوچھ گچھ سے متعلق صحافیوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سب چلتا رہتا ہے۔وہیں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ جس دن سے بہا ر میں عظیم اتحاد کی حکومت بنی ہے تب سے ہی یہ ہورہاہے۔ وہ تو کہہ رہے ہیں کہ سی بی آئی اپنا دفتر یہیں(رابڑی کی رہائش گاہ میں) کھول لے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سی بی آئی نے کئی بار جانچ کے بعد اس کیس کو بند کیا ہے۔ ریلوے نے بھی اسے کوئی گھوٹالہ نہیں سمجھا ہے لیکن یہ سب ان کے خاندان کو ہراساں کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جب مسٹر لالو پرساد یادو 2004 سے 2009 کے درمیان ریلوے کے وزیر تھے، اس دوران ان پر زمین کے بدلے ریلوے میں کچھ نااہل لوگوں کو نوکریاں دینے کا الزام ہے۔ سی بی آئی اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور مسٹر یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور ان کی دو بیٹیوں سمیت 16 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ سی بی آئی نے ان میں سے 14 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ بھی پیش کی ہے۔ اس معاملے میں عدالت نے مسٹر لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی کو 14 مارچ کو عدالت میں حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا