سڑک میں آئی اراضی مکان اور درختوںکا معاوضہ نہیں دیا گیا : عوام
تحصیلدار منڈی موقع پر پہنچے : معاوضہ ادا کر جلد سڑک کا کام لگوانے کی کرائی یقین دہانی
ظہیر عباس/وسیم حیدری
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی سے چند کلو میٹر کی دوری پر واقع اعظم آباد اتولی سڑک کا کام گزشتہ دنوں لوگوں کی جانب سے بند کروایا گیا تھا جس کے بعد منگل کو تحصیلدار منڈی جاوید اقبال نے موقع پر پہنچ کر لوگوں سے بات چیت کر کے معاملے کو جلد حل کروانے کی یقین دہانی کروائی – اطلاعات کے مطابق اعظم آباد اتولی سڑک کا کام قریب دس سال قبل لگایا گیا تھا لیکن اب تک اس سڑک کے کام کو مکمل نہیں کیا گیا اور اس میں لوگوں کی آئی ہوئی اراضی مکانات اور درخت کا بھی معاوضہ نہیں دیا گیا ہے جس وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور معاوضے کی حصولگی کے لئے عوام نے اب سڑک پر لگے کام کو بھی روک دیا – تحصیلدار منڈی اس سلسلہ میں پیش رفت کرتے ہوئے موقع پر پہنچے اور لوگوں کے مسائل سنے جس کے بعد انہوں نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے تمام لوگوں کو سڑک کی کٹائی میں آئی اراضی مکانات اور درختوں کا معاوضہ دینے کی یقین دہانی کروائی – اس موقع پر تحصیلدار منڈی کے ہمراہ نائب تحصیلدار آزاد احمد پی ایم جی ایس وائی کے اے ای ای اور جے ای بھی موجود رہے – تحصیلدار منڈی نے اس سلسلہ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اعظم آباد اتولی سڑک پر پہنچ کر لوگوں سے سڑک پر کام کو روکنے کے حوالے سے بات چیت کی جہاں لوگوں نے معاوضہ نہ ملنے کو اس کی وجہ بتایا اور ان سے اس حوالے سے مزید پیش رفت معاوضہ دینے کی اپیل کی – ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے زیادہ تر فائلیں آگے پہنچا دی گئی ہیں اور اگر چند فائلیں باقی بھی رہتی ہوئیں تو ایک ہفتہ کے اندر اس عمل کو مکمل کر دیا جائے گا اور لوگوں کو معاوضہ دے کر جلد سڑک کے کام کو دوبارہ شروع کیا جائے گا – وہیں لوگوں نے بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحصیلدار منڈی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں معاوضہ دلوانے کر سڑک کے کام کو دوبارہ شروع کروانے کی یقین دہانی کروائی – ان کا کہنا تھا کہ سڑک عوام کے لئے نہایت ضرورت ہے اور اس کے لئے انہوں نے بارہا ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ آفیسران سے ملاقی بھی ہوئے لیکن اس حوالے سے جس قدر تعاون تحصیلدار منڈی سے ملا ویسا کسی اور سے نہیں ملا – ان کے مطابق وہ بھی چاہتے ہیں کہ سڑک کا کام مکمل ہو تاکہ یہاں کی عوام کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے – اس حوالے سے جب پی ایم جی ایس وائی کے جے ای سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ 2 کلو میٹر سڑک پر لوگوں کو درختوں کا معاوضہ دیا جا چکا ہے اور 1 کلو میٹر پر ابھی معاوضہ دینا باقی ہے جس حوالے سے تحصیلدار منڈی نے پیش رفت شروع کی ہے اور جلد ہی ان معاملات کو حل کر کے کام کو دوبارہ شروع کروا دیا جائے گا –