انتظامیہ تا ہنوز معاوضہ دینے میں ناکام ، مقامی لوگوں کا اظہار ناراضگی
نریندر سنگھ ٹھاکر
رام نگر //تحصیل رام نگر کے باری گاو¿ں میں گزشتہ دنوں بھاری بارش اور برفباری ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی زمینیں کھسک گئی، جس میں لگی فصل بھی تباہ ہوئی، وہیں مقامی رہائشی لہر سنگھ، روی سنگھ، سردار سنگھ دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں بھاری بارش اور برفباری ہونے کی وجہ سے ان کی زمینوں کو بھاری نقصان پہنچا جس میں 23 کنال سے زیادہ زمین پھسلن کا شکار ہو گئی ہیں۔ وہیں انہوں نے بتایا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت تحصیلدار رام نگر اور پٹواری دیگر موقع پر پہنچے تھے اور ان کی طرف سے لوگوں کو یقین دلوایا گیا تھا کی جلد ہی آپ کو اس کا معاوضہ دے دیا جائے گا لیکن ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے ان کی کوئی بھی مدد نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کے جب وہ انتظامی حکام سے بات چیت کرنے رام نگر پہنچتے ہیں تو ان کی طرف سے ایک ہی رٹا رٹایا ہوا جواب سننے کو ملتا ہے کہ آپ کی فائلیں بنا دی گئی ہیں دو دن کے اندر اندر ہی آپ کو معاوضہ دے دیا جائے گا لیکن نہ جانے کیا وہ فائلوں دفتروں میں ہی دھول چاٹ رہی ہیں جس کی وجہ سے ان کو ہوئے نقصان کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا جا رہا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے ضلع کمشنر پیوش سنگلا سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ان کا نقصان ہوا ہے اس کا انہیں جلد سے جلد معاوضہ دیا جائے تاکہ انہیں آ رہی مشکلات سے نجات مل سکے۔