نیشنل کانفرنس کے 2 امیدواروں کے ناموں کا اعلان

0
67

فاروق عبداللہ سری نگر اور اکبر لون بارہمولہ سے قسمت آزمائی کریں گے

سری نگر، 18 مارچ (یو ا ین آئی) نیشنل کانفرنس نے لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے وادی کشمیر کی تین میں سے دو پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا رسمی طور پر اعلان کردیا ہے۔

نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پارلیمانی حلقہ سری نگر جبکہ محمد اکبر لون پارلیمانی حلقہ بارہمولہ سے قسمت آزمائی کریں گے۔

پارٹی کے ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی نے بتایا کہ کانگریس سے اتحاد کا حتمی فیصلہ پارٹی صدر (فاروق عبداللہ) لیں گے۔ انہوں نے بتایا ‘پیر کو نیشنل کانفرنس پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ لیا گیا کہ سری نگر بڈگام پارلیمانی نشست کے لئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ سیکولر جماعت یا جماعتوں کے ساتھ ممکنہ اتحاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی صدر (فاروق عبداللہ) ہی لیں گے’۔

آغا روح اللہ نے بتایا کہ محمد اکبر لون بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے لئے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے بتایا ‘پارلیمانی بورڈ نے یہ فیصلہ بھی لیا کہ بارہمولہ حلقہ سے محمد اکبر لون صاحب پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑیں گے’۔

پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے گذشتہ روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کہا کہ ان کی جماعت عام انتخابات (لوک سبھا انتخابات) کے حوالے سے کانگریس کے ساتھ قبل از الیکشن مشروط اتحاد کے لئے تیار ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے سامنے یہ شرط رکھی ہے کہ وادی کی سبھی تین پارلیمانی نشستوں پر اس کے امیدوار کھڑے ہوں گے، اگر کانگریس کو یہ شرط منظور ہے تو نیشنل کانفرنس ‘اتحاد’ کے لئے تیار ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست میں لوک سبھا کی چھ نشستیں ہیں۔ ان میں سے وادی میں تین، جموں میں دو اور لداخ میں ایک ہیں۔

سن 2014 کے عام انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے وادی کی سبھی تین نشستوں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں کی دو اور لداخ کی ایک سیٹ پر جیت درج کی تھی۔ تاہم طارق حمید قرہ کے پی ڈی پی کی بنیادی رکنیت اور پارلیمان سے مستعفی ہونے کے بعد سری نگر کی پارلیمانی نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے جن میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اننت ناگ اور لداخ پارلیمانی نشستوں سے بھی بالترتیب پی ڈی پی اور بی جے پی امیدواروں نے استعفی دیا تھا، تاہم ان پر ضمنی انتخابات نہیں ہوئے۔

 

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا