منجیت سنگھ کی قیادت میں لوگوں کا احتجاج، ایس ڈی ایم کو میمورنڈم پیش
لازوال ڈیسک
سانبہ؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے انمول گائوں میں مجوزہ ڈپنگ زون بنانے کیخلاف درجنوں مقامی لوگوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔موصولہ بیان کے مطابق کثیر تعداد میں انمول گاوں کے لوگ ایس ڈی ایم دفتر سانبہ کے باہر جمع ہوئے اور انتظامیہ کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہناتھاکہ مقامی لوگوں سے صلاح ومشورہ کئے بغیر انمول میں ڈپنگ زون قائم کرنے کا فیصلہ انتظامیہ نے کیا ہے جوکہ سراسر غلط ہے۔سردار منجیت سنگھ کی قیادت میں لوگوں نے ایس ڈی ایم کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں مطالبہ کیاکہ مجوزہ ڈمپنگ زون کو گائوں سے دور کسی جگہ لگایاجائے کیونکہ یہ ماحولیاتی طور مضر ہے۔یہاں پر ڈمپنگ زون قائم کرنا ماحولیات، زیر زمین پانی، تالاب اور نزدیکی کھیل میدان کے لئے خطرہ ہے۔ انتظامیہ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کر کے کسی متبادل الگ تھلگ جگہ پر ڈمپنگ زون بنانا چاہئے۔ ماحولیاتی مسائل سے بچنے کے لئے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ لوگوں کو مشکلات میں نہ ڈالے۔ ایس ڈی ایم موصوف نے وفد کو بغور سنا اور یقین دلایاکہ وہ اِس معاملہ میں اعلیٰ حکام سے بات کر کے کوئی قابل قبول حل نکالیں گے۔