کہاڈانگری حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے منگل کے روز راجوری میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ ڈانگری حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کو جلدا زجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کی خاطر ضلع بھر میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے منگل کے روز راجوری میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، جی او سی میجر جنرل وائی ایس اہلاوت ، جی او سی رمیو فورس موہت ترویدی ، سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل ، ایس ایس پی ایم اسلم ، ایس ایس پی پونچھ روہت کے علاوہ پیرا ملٹری فورسز کے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کے دوران پولیس سربراہ نے آفیسران پر زور دیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ ڈانگری میں شہری ہلاکتوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر ضلع بھر میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔اْنہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ مشتبہ افراد پر نظر گزر رکھنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ڈانگری حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کی مدد و اعانت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا ناگزیر بن گیا ہے۔پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران آفیسران پر زور دیا کہ راجوری ضلع میں ناکوں کا جال بچھایا جائے ، شبانہ پیٹرولنگ کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصر پر نظر گزر رکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ نارکو ملی ٹینسی اب نیا چیلنج ابھر کر سامنے آیا ہے لہذا اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے بتایا کہ نارکو ملی ٹینسی کے ذریعے جو پیسے کمائے جارہے ہیں اْن کو تخریبی سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لایا جارہا ہے۔پولیس چیف نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل بنائے رکھنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ ایام کے دوران سیکورٹی فورسز نے سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جا رہے آپریشنز کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے دوران متعدد جنگجو کمانڈروں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔