پلوامہ کے اونتی پورہ میں ایک شخص اغوا کے بعد قتل

0
0

یواین آئی

سری نگرجنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گلزار پورہ اونتی پورہ میں گذشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک شخص کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا ۔ مہلوک شخص کی شناخت 40 سالہ منظور احمد لون ولد غلام محمد لون ساکنہ ڈوگری پورہ اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے گذشتہ رات ڈوگری پورہ کے رہائشی منظور احمد کو بندوق کی نوک پر اٹھالیا۔ بعدازاں مغوی شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش نزدیکی گلزار پورہ میں ہائر سکینڈری اسکول کے نزدیک برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ قبل ازایں ضلع اننت ناگ کے بج بہاڑہ میں جمعرات کو نامعلوم اسلحہ برداروں نے نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر محمد اسماعیل پر گولیاں چلاکر انہیں زخمی کردیا۔ نامعلوم اسلحہ برداروں نے جمعرات کو سہ پہر کے وقت بج بہاڑہ کے تھجی واڑہ میں 60 سالہ محمد اسماعیل پر گولیاں چلائیں۔ زخمی اسماعیل کو سب ضلع اسپتال بج بہاڑہ لے جایا گیا جہاں سے انہیں خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا۔ ریاستی پولیس کا دعویٰ ہے کہ محمد اسماعیل پر جنگجوﺅں نے گولیاں چلائیں۔ دریں اثنا ریاستی پولیس کے مطابق منظور احمد پر بھی جنگجوﺅں نے ہی گولیاں چلائی ہیں۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ’گلزار پورہ اونتی پورہ میں جنگجوﺅں کے ہاتھوں عام شہری کو بے دردی کے ساتھ قتل کرنے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس آفیسران اُس مقام پر پہنچے جہاں اس بہیمانہ واقعے کو انجام دیا گیا۔ جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے دوران پولیس آفیسران کو معلوم ہوا ہے کہ جنگجوﺅں نے ایک شخص جس کی شناخت 40سالہ منظور احمد لون ولد غلام محمد لون ساکنہ ڈوگری پورہ اونتی پورہ کے بطور ہوئی ہے پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کی گئی‘۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا ’ ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ جنگجوﺅں نے عام شہری (منظور احمد) کو زبردستی اپنے ساتھ لیا اور بعد میں اُسے بے دردی کے ساتھ قتل کیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ مقامی پولیس آفیسران اس کام میں جٹ گئے ہیں کہ اس واردات کو کیسے اور کن حالات میں انجام دیا گیا ہے‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا