یو این آئی
حیدرآباد// پنجاب کے سنسنی خیز کھلاڑی شبھمن گل (208) کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز 12 رن سے جیت حاصل کی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندستان نے 50 اووروں میں 349 رن کا مشکل ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ 49.2 اووروں میں صرف 337 رن ہی بنا سکی۔ مچل بریسویل (140) نے نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کرنے کی پوری کوشش کی لیکن شاردول ٹھاکر نے آخری کھلاڑی کے طور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے انہیں میدان میں موجود اور ٹی وی اسکرینوں پر چپکے ہندوستانی ٹیم کے کروڑوں شائقین کو مسکرانے کا موقع فراہم کیا ۔ ٹاس جیتنے کے بعد کپتان روہت شرما کے پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے شبھمن نے نیوزی لینڈ کے ناتجربہ کار باؤلنگ اٹیک کو ادھیڑ دیا۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی کھلاڑی کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ شبھمن نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری جارحانہ انداز میں مسلسل دو چھکے لگا کر مکمل کی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 139.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے 19 چوکے اور نو چھکے لگائے۔ ہندوستانی اننگز کے آخری اوور میں ہنری شپلی کی گیند پر لانگ آف پر کھڑے فلپ نے لمبی دوڑ لگا کر ان کا شاندار کیچ لیا۔ نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز بریسویل نے شبھمن کی دھواں دار اننگز کا جواب دینے کا بیڑا اٹھایا اور صرف 78 گیندوں میں دس چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 140 رن بنائے اور میچ میں آخر تک دلچسپی قائم رکھی۔ بریسویل کے ایک روزہ کیریئر کی یہ دوسری سنچری تھی۔ اس سے قبل ان کا سب سے زیادہ ذاتی سکور 127 ناٹ آؤٹ تھا۔ ایک وقت صرف 131 رن پر کیوی ٹیم کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں اور میچ مکمل طور پر ہندستان کے کنٹرول میں تھا لیکن بریسویل نے آل راؤنڈر مچل سینٹنر (57) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 162 رن کی شراکت داری کرکے میچ کو دلچسپ موڑ تک پہنچا دیا۔کپتان روہت شرما نے اس خطرناک جوڑی کو توڑنے کے لیے محمد سراج اور محمد سمیع کو محاذ پر کھڑا کیا، جس کا نتیجہ 46ویں اوور میں سامنے آیا جب سراج نے سینٹنر اور نئے بلے باز ہنری شپلی (0) کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔میچ ایک بار پھر ہندستان کے حق میں ہوگیا۔ باقی کام اب شاردول ٹھاکر اور ہاردک پانڈیا کو کرنا تھا۔ خرچیلے پانڈیا نے پہلے لوکی فرگوسن کو چلتا کرکے بریسویل کے جیتنے کے ارادے کو دھول میں ملانے کی کوشش کی، جبکہ آخری اوور میں شاردول نے بریسویل کو آؤٹ کرکے فتح کے دروازے کھول دیے۔ سراج نے نیوزی لینڈ کی 46 رن کے عوض سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادو اور شاردول ٹھاکر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ باقی دو وکٹیں محمد سمیع اور ہاردک پانڈیا نے حاصل کیں۔ شبھمن کے علاوہ روہت شرما (34)، سوریہ کمار یادو (31) اور ہاردک پانڈیا (28) نے اسکور بورڈ پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا، حالانکہ حال ہی میں فارم میں واپس آنے والے ورات کوہلی کا آج بلا نہیں چلا، جبکہ سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے ایشان کشن بھی خاموشی سے پانچ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلے اور ڈیرل مچل دو دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر بنے جب کہ تجربہ کار مچل سینٹنر نے 56 رن کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔