پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے: لیفٹیننٹ گورنرمنو ج سِنہا

0
0

لیفٹیننٹ گورنر نے راجوری دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز ‘‘ میں راجوری دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ راجوری میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کو میرا خراجِ عقیدت ہے ۔مجرموں کو اَپنے گھنائو نے اقدام کی بھاری قیمت چُکانی پڑے گی۔ شہدأ کے کنبوں کو باوَقار زندگی گزارنے کو یقینی بنانے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ہم قدم قدم پر متحد اور عزم سے نئے سال میں داخل ہوئے ہیں ۔ ہم نے کئی چیلنجوں پرکامیابی حاصل کی ہے اور 2022ء میں معیشت کے کئی شعبوں میں نئے سنگ میل حاصل کئے ہیں۔ نئے اَقدامات نے عام آدمی کی اُمنگوں کو پورا کرنے میں مدد کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ،’’ آج ، ہمارے سامنے ہدف واضح ہے ۔حکومت فعال عوامی شرکت سے جموں وکشمیر کی تیز رفتار ، جامع ، مساوی اور دیر پا ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔زمینی سطح پر منصوبوں کی مؤثر عمل آوری کے لئے لوگوں کی شرکت ضروری ہے۔‘‘اُنہوں نے اِنسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے شہریوں کی متاثر داستانیں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کے ڈاکٹر اُدیش پال شرما اور جسپریت سنگھ جیسے روشن خیال شہریوں نے معاشرے کو قابلِ رشک طاقت اور خود اعتمادی دی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ اَپنی محنت سے لوگوں کا اعتماد اور خیر سگالی حاصل کررہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے تبدیلی لانے والی خواتیں کا خصوصی تذکرہ کیا جو معاشرے میںسماجی و اِقتصادی تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین سماجی تبدیلی کی کلیدی محرک ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ راجوری کی سنگ پور پنچایت کی سرپنچ محترمہ جگموہن کو ر اَپنے ناقابلِ یقین کام اور زمینی سطح پر سماجی تبدیلی سے اَپنے علاقے کے لوگوں کو متاثرکر رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہمیں کپواڑہ کی محترمہ زمرودہ اور محترمہ زینت سے بھی تحریک حاصل کرنی چاہیے جو ناری شکتی کی روشن مثالیں اور دوسروں کو معاشی اور سماجی طور پر بااِختیار بنا رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماجی تبدیلی کے لئے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی طرف سے ادا کئے جانے والے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بڈگام کے زاہد حسین اور عاقب بابا کے پسماندہ طلباء کے لئے ایک لائبریری کے قیام اور نوجوان نسل کے مستقبل کو سنوارنے کے کام کی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا کہ ہمدردی سماجی ترقی کی کلید ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ معاشرے میں مزید روشن خیال لوگوں کو آگے آنا چاہیے اور عوامی بہبود کے لئے اِنتظامیہ کی کوششوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے دیہی معیشت کو مضبوط کرنے ، ترقی پسند کسانوں اور زراعت پیشہ افراد کوجموںوکشمیر یوٹی نئے دور کی زراعت کے نئے دور کی شروعات کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے رام بن کے کوتھری گاؤں سے تعلق رکھنے والے ارون شرما کا ذکر کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’وہ حقیقی ہمت کی علامت ہے۔ارون شرماکھیتی باڑی میں اپنے تجربے سے ملحقہ علاقوںکے کسان طبقے کو بلند مقصد کے لئے ترغیب دے رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسئلے کو کم کرنے کے لئے ایک مربوط پالیسی کے بارے میں جموں سے پوجا رینہ اور محمد صادق پوسوال سے موصول ہونے والی تجاویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اِنتظامیہ نے جموں و کشمیر کے تمام شہروں کے لئے سڑک اور سیوریج سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے سات ایکشن پلان تیار کئے ہیں۔ اُنہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر تجاوزات سے متعلق کسی بھی مسئلے کی اِطلاع دیں جو پانی کے بہائو اور گٹر کے رابطوں میں رُکاوٹیں پید ا کرتے ہیں یا اَپنے علاقے میں پانی جمع ہونے سے متعلق متعلقہ ہیلپ لائن نمبر پر مناسب کارروائی کے لئے اِطلاع دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اننت ناگ سے مجید نائیکو کے زرعی اور سماجی جنگلات کی مہم شروع کرنے کے مشورے کا جواب دیتے ہوئے حکومت کی مختلف کوششوں پر روشنی ڈالی جو قدرتی وسائل کے تحفظ اور درخت لگانے کو ایک عوامی تحریک بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پونچھ سے راشد چودھری اور سری نگر سے بشیر احمد کی طرف سے موصول ہونے والی تجاویز کو مزید شیئر کیا۔ جموں کے راجیشور سنگھ جموال اور سری نگر کے غلام محی الدین نے آبی ذخائر اور شہری نالوں کی صفائی، شہر کو سمارٹ بنانے کے لئے سمارٹ سٹیزن اور پولٹری سیکٹر کو فروغ دینے کی خاطر مربوط پلان بنایا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں کی قابل قدر معلومات پر مناسب کارروائی کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوم جمہوریہ کی پیشگی مبارک باد بھی پیش کی اوراُنہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ قوم کے تئیں فرائض اور ذمہ داریوں کا خود جائزہ لیں، مساوات اور سماجی انصاف کے عزم کو پورا کریں اور جموں کشمیر اور ہندوستان کو بہتر، خوشحال اور محفوظ بنائیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا