فوج خطے میں کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے
عمران خان
راجوری؍؍بریگیڈیئر پی اچاریہ نے کہا ہے کہ عوام کو ایسے ملک دشمن عناصر سے چوکنا رہنا ہوگا جو خطے میں پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج خطے میں کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ پونچھ کے بالاکوٹ علاقے میں کنٹرول لائن پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران دو ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کے بعد خاص بات چیت میں فوج کے 13 سیکٹر کے راشٹریہ رائفلزکے بریگیڈیئر پی اچاریہ نے بتایا کہ فوج کو ایک مخصوص اطلاع ملی تھی کہ سرحد پار سے کچھ ملی ٹنٹ دراندازی کی کوشش میںہیں اور وہ سرحد پار کرکے اس پار داخل ہونے کی کوشش میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مخصوص اطلاعات کی بنا پر جنگلات میں آپریشن چلایا گیا جس دوران وہاں جھڑپ ہوئی اور جھڑپ میںجدید اسلحہ سے لیس دو ملی ٹنٹ مارے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھڑپ کے بعد وہاں سے دو ملی ٹنٹوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ جس کے بعد وہاں تلاشی آپریشن کے دوران جنگل سے بڑی مقدار میں جنگی سامان ، بیگ سے بھرا اسلحہ کپڑے اور خوراک کا سامان برآمد ہو، انہوں نے کہا کہ ہتھیار اور سازوسامان جیسے 2 پستول، 2 امریکی ساختہ نائٹ ویڑن چشمے، 1 دوربین، 1 کیمکارڈر جس میں ملی ٹنٹوں کی تصویریں اور ان کی تربیت، جنگی لباس، گرم ملبوسات وغیرہ شامل ہے ۔فوجی افسر نے بتایا کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں امن کو درہم برہم کرنے کے ملی ٹنٹوں کے مختلف منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فوج لائن آف کنٹرول پر پر الرٹ رہتی ہے اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ۔ فوجی افسر نے مزید کہا کہ دراندازی کی جو بھی کوئی کوشش لائن آف کنٹرول پر کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ۔