حکمراں جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو تقسیم کر رہے ہیں:ریاض زرگر
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍گندوہ کو ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے ساتھ جوڑنے و حکومتی خاموشی پر بھلیسہ یونایٹڈ فرنٹ نے گذشتہ روز پریس کلب جموں میں زبردست احتجاج کیا جس دوران مظاہرین نے بھلیسہ کو پہاڑی ضلع دینے اور تب تک سب ڈویڑن گندوہ کو ڈوڈہ کے ساتھ جوڑنے کا مطالبہ کیا، اس موقع نیشنل کانفرنس لیڈر و نامور سماجی کارکن ریاض احمد زرگر، بھلیسہ یونایٹڈ فرنٹ صدر محمد حنیف ملک، اسٹوڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن چیئر مین صداقت ملک، جنرل سیکرٹری فرنٹ لیاقت علی شیخ و دیگر لوگوں نے بولتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھلیسہ کی عوام کے ساتھ کھلواڑ کرکے بھدرواہ کے ساتھ جوڑ دیا، انہوں نے کہا کہ جہاں صدر مقام گندوہ سے بھدرواہ کا فاصلہ نوے کلومیٹر ہے وہیں کالج گاسر، منو،ہڈل، چینسر، جطوطہ و دیگر ملحقہ جات کا رابطہ سو سے ڈیڑھ سو کلومیٹر دور ہے جو کہ عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے، مظاہرین نے موجودہ مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو تقسیم کر رہے ہیں، انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ اس معاملہ میں نظر ثانی کرکے عدالت عالیہ کی ہدایات کے مطابق سابق ڈی سی ڈوڈہ و ایس ڈی ایم گندوہ کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کی مانگ کی، انہوں نے کہا 2011 مردم شماری کے سب ڈویڑن گندوہ کی آبادی ایک لاکھ کے قریب ہے جبکہ تھانہ پولیس گندوہ کے دائرہ اختیار کی آبادی دولاکھ کے قریب ہے اور یہ پہاڑی ضلع کا حق رکھتا ہے، مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر اس فیصلے پر نظر ثانی کرکے ڈوڈہ کے ساتھ نہ رکھا گیا تو وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ روزنامہ لازوال میں اسی مسئلے سے منسلک ایک اخباری بیان میں اس مظاہرے کی تصویرغیردانستہ غلطی سے استعمال ہوئی تھی،لہٰذاقارئن اورمتعلقین کی سہولیت کیلئے تصویرمتذکرہ بالاسے متعلق اصل خبرکوازسرنوشائع کیاگیاہے۔