’فرقہ پرستی ایک ناسور،آئیے ایک ہوجائیں‘

0
0

 

 

ہم سب متحد سازشوں کو ناکام بنائیں:ڈاکٹرفاروق عبداللہ
لازوال ڈیسک

جموںنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بتایا کہ ریاست اور ملک کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ عوام متحد ہوکر اُن سازشوں اور مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں جو ہمیں لسانی، علاقائی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ہند، مسلم اور سکھ اتحاد کی علم کو فیروزاں رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں دیتی آئی ہے اور آج بھی یہ جماعت ریاست کی وحدت اور رواداری قائم و دائم رکھنے کیلئے کام کررہی ہے۔یہاںنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں اپنی رہائش گاہ پر ایک تقریب کے دوران کہا کہ ریاست اور ملک کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب متحد ہوکر اُن سازشوں اور مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں جو ہمیں لسانی، علاقائی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کیلئے رچائے جارہے ہیں۔ تقریب کے دوران پونچھ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق چیف انجینئر عبدالحمید شیخ نے نیشنل کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقعے پر عبدالحمید شیخ کا پارٹی میں خیر مقدم کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔اس موقعے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ فرقہ پرستی کا موجودہ رجحان ریاست کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ملک کی سالمیت کیلئے ایک چیلنج بھی۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں ہر ایک مذہب ، طبقے اور علاقے کے لوگوں کو برابری کی بنیاد پر زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہند کسی کو بھی یہ حق چھیننے کی اجازت نہ دے۔ اس کیلئے فرقہ پرست اور کٹر پنتوں کی لگام کسنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کا رجحان ہماری ریاست میں اپنی جڑیں مضبوط کررہا ہے ، اس سے پہلے کہ یہ ایک ناسور بن جائے سبھی مذاہب اور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک ہوکر بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر روک لگانی چاہئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے آپسی بھائی چارے اور آپسی ہم آہنگی کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ہند، مسلم اور سکھ اتحاد کی علم کو فیروزاں رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں دیتی آئی ہے اور آج بھی یہ جماعت ریاست کی وحدت اور رواداری قائم و دائم رکھنے کیلئے کام کررہی ہے۔ ادھر سرینگر پہنچتے ہی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اقبال کالونی رالپورہ میں ایک تقریب پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام عدل و انصاف اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اسلام نے ہی دنیا میں صالح نظام کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اس وقت زبردست چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد میں ہی کیا جاسکتا ہے۔ جس قسم کی سازشیں مسلمانوں کیخلاف رچائی جارہی ہیں اُن کا توڑ صرف اور صرف متحد ہوکر ہی ممکن ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مسلم ممالک سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ مشکلات مسلم آبادی کو درپیش ہیں ۔ یہ سب کچھ اتحاد کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دشمن ہم پر غالب ہورہا ہے، عالم اسلام کی قیادت کو مل بیٹھ کر ہی مسلم آبادی کے مشکلات اور مصائب کو دور کرسکتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا