ضلعی انتظامیہ و اینٹی کرپشن بیورو جموں نے کشتواڑ میں ویجیلنس بیداری ہفتہ کے تحت بیداری پروگرام کا انعقاد کیا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍31 اکتوبر سے 6 نومبر 2022 تک جاری ویجیلنس بیداری ہفتہ کے دوران جموں و کشمیر میں منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کے سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر رفتر کے کمپلیکس اور گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ کے کانفرنس ہال میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں بیداری پروگرام کے دوران ایس ایس پی اینٹی کرپشن بیورو جموں سندیپ وزیر نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دی اور معاشرے میں بدعنوانی کی شکلوں، اسباب اور اثرات کے بارے میں تفصیل سے شرکاء کو جانکاری دی۔ انہوں نے بدعنوانی سے نمٹنے کے مختلف قوانین ، قواعد و ضوابط اور نمٹنے کے لیے کیے گئے طریقہ کار پر بھی غور و خوض کیا اور کرپشن سے پاک معاشرے کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ بدعنوانی اپنی کسی بھی شکل میں ہو، نظام اور معاشرے کی مجموعی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ اس سال کے ویجیلنس بیداری ہفتہ کا تھیم "ایک ترقی یافتہ قوم کے لیے بدعنوانی سے پاک ہندوستان” ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادؤ نے اس موضوع پر ضلع آفیسران اور عوامی نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، جانبداری کچھ سرکاری ملازمین کی غیر اخلاقی ذہنیت کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے اور ہر قسم کی بدعنوانی کی مخالفت کرنے کے لیے مل کر کام کیا جائے اور انتظامیہ بدعنوانی سے پاک حکمرانی اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور انھوں نے اس سماجی برائی کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کی خواہش کی اور کشتواڑ کو ایک بدعنوانی سے پاک مقام بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ڈی وی اوز پر زور دیا کہ وہ ماتحت عملے پر نظر رکھیں اور شکایات اور مقدمات کو مقررہ وقت میں نمٹائیں۔اے ڈی ڈی سی کشتواڑ شام لال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بدعنوانی کے خلاف جنگ میں اجتماعی طور پر حصہ لینے اور بدعنوانی سے لاحق خطرات کے علاوہ بدعنوانی کے وجود، اسباب اور اس کی سنگینی کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ڈسٹرکٹ ویجیلنس آفیسر اے ڈی سی کشتواڑ کشوری لال شرما نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معاشرے میں بدعنوانی کی چند روشن مثالیں شیئر کیں اور تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے مضر اثرات کے بارے میں ہر ایک کو بیداری فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ کام کاج میں غیر ضروری تاخیر بھی بدعنوانی کو جنم دیتی ہے اور ضلع و سیکٹرل آفیسران پر زور دیا کہ وہ پی ایس جی اے ایکٹ پر عمل کریں اور بدعنوانی کے خلاف سخت رویہ اپنائیں۔ پرنسپل ڈی آء ای ٹی اشوک کمار، چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ سدرشن کمار،سرپنچ پوچھال اے سباش چندر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور بدعنوانی اور ویجیلنس بیداری ہفتہ منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ منعقدہ پروگرام میں اے ڈی ڈی سی کشتواڑ شام لال ،اے ڈی سی کشتواڑ کشوری لال شرما،ایڈیشنل ایس پی کشور راجندر سنگھ، اے سی آر کشتواڑ ورونجیت سنگھ،جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ کشتواڑ محمد اقبال،اے سی پی کشتواڑ ذاکر وانی، اے سی ڈی کشتواڑ اتل دت شرما، ایس ڈی ایم چھاترو ، پاڈر ڈی پی او کشتواڑ سنیل بھٹیال کے علاوہ عوامی نمائندوں و اینٹی کرپشن ٹیم کے اراکین ڈی واء ایس پی شیو کمار، انسپکٹر سجاد حیدر و دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ میں منعقدہ ایک اور پروگرام میں ویجیلنس بیداری ہفتہ منانے کے لیے "کرپشن فری انڈیا ” کے موضوع پر ایک مباحثہ مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں کالج کے متعدد طلباء اور تدریسی عملے نے حصہ لیا۔اس موقع پر اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو بھی معززین نے نوازا۔اس کے بعد ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی اے سی بی جموں، اے ڈی سی کشتواڑ، پرنسپل جی ڈی سی کشتواڑ، اے سی بی جموں کے ممبران، جی ڈی سی کا عملہ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بوائز اور گرلز کشتواڑ کے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ ریلی گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ سے شروع ہوئی اور قصبہ کشتواڑ کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے ڈاک بنگلو کشتواڑ میں اختتام پذیر ہوئی۔