پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری وبارشیں شروع ،جمعہ بعد دوپہر موسم خوشگوار رہا
اجمل ملک
رام بن؍؍رواں سال میں دوسری بار موسم نے کروٹ لی اور جمعرات کی شب خطہ چناب کے تینوں اضلاع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس کے نتیجہ میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ،اگر چہ یہ سلسلہ جمعہ کی صبح سے رک رک کر جاریرہا تاہم بعد دوپہر موسم میں کچھ سدھار ہوا کہیں کہیں جگہوں پر دھوپ نکلی ہوئی تھیں ۔ مقامی تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ ،کشتواڑ ورام بن کے بالائی علاقوں میں تازہ بارفباری ومیدانی علاقوں میں بارشوںکا سلسلہ جمعرات کی شب شروع ہوا جو جمعہ کی دوپہر تک جاری رہا اورسرکاری ذرائع کے مطابق بالائی علاقوں میں کہیں چھ انچ تو کہیں پانچ انچ کے قریب برف ریکارڈ کی گئی۔ تازہ برفباری وبارشوں کے نتیجہ میں عوامی مشکلات میں کافی اضافہ ہوا چونکہ ایک طرف سردی کا قہر تو دوسری طرف بجلی کا بحران کھڑا ہوا ہے جو کہ مقامی آبادی کے لئے پریشانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ بارشوں کے نتیجہ میں سڑکوں پر بھاری پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے میں بھی دشواری آرہی ہے ۔عوامی حلقوں میں اس بات پر گہری تشویش پائی جاتی ہے کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باجود ان سڑکوں کے ارد گرد نہ ہی دیواروں کا کام مکمل کیا گیا ہے اور نہ ہی کریش بیرئر وڈریننج نظام کا کوئی معقول بندوبست کیا جاتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ معمولی بارشوں میں سڑکوں پر سفر کرنا محال بن گیا ہے ۔دریں اثناء انتظامیہ کے دعوئوں کے باجود خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں راشن کی قلت پائی جاتی ہے جن میں زیادہ تر تعداد ایسے کنبہ جات کی ہے جو غریبی کی نیچے سے زندگی گذر بسر کررہے ہیں لیکن سال2011کی مردم شماری میں اندراج ہونے کے باجود راشن کا رڈ اجراء نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کے حق میں راشن واگذار کی گئی ۔ راشن ڈیلران ومتعلقہ محکمہ کی ملی بھگت سے بیشتر علاقوں میں رہائش پذیر عوام متاثر ہورہی ہے اور برفباری میں عام کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگے داموں میں راشن فراہم کی جاتی ہے ۔رام سو ڈویژن کے جن علاقوںمیںآہمہ سوجمتنہ ، مگر کوٹ ، دردہی ، پھا گمولہ ، کھاروان ، ڈھک سے ملی اطلاعات کے مطابق ان علاقہ جات میں رسوئی گیس ،بالن لکڑی وتیل خاکی کی بھی قلت پائی جاتی ہے جبکہ پانی کی کئی اسکیمیں بھی ناکارہ ہوئیں ہیں اور مقامی آبادی ندی ،نالوں کا پانی پینے پر مجبور ہے۔ضلع رام بن میں اس وقت سب بڑا بحران بجلی کا ہے کیونکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بجلی کی آنکھوںمچولی ہر دس سیکنڈکے بعد شروع ہو جاتی ہے جس پر محکمہ کے اہلکاران کسی بھی طرح کا دھیان نہیں دیتے یں جس کے خلاف گزشتہ رو ز متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے مگرکوٹ اور رام سو میں زور دار مظاہرے بھی کئے اور مظاہروں کے دوران ٹریفک نظام بھی ایک گھنٹہ تک معطل رہا ۔جس کے بعد ایس ڈی ایم رام سو ، ایس ایچ او رامسو کی یقین دہانی کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کیا لیکن گزشتہ روز کچھ حد تک بجلی سپلائی ٹھیک ہی رہی لیکن آج دو بارہ و ۔مقامی لوگوں کے مطابق آسمان پر ابر کا ٹکڑ ا نکلا ہی ہوتا ہے تو بجلی غائب ہوتی ہے ،کبھی 33کے وی تو کبھی 32کے وی کی خرابی کا بہانہ لگا کر کئی دنوںتک یہ علاقہ جات گھپ اندھیرے میں رہتے ہیں۔خطہ چناب سے اگر چہ سینکڑوں میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن مقامی لوگوں کے لئے یہ چراغ تلے اندھیرا ہے ۔عوام نے مقامی نمائندوں وحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما کے پیش نظرضلع رام بن کے میدانی و پہاڑی علاقوں میں بجلی و غذائی اجناس کی سپلائی کو نزدیکی گائوں میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ طبی مراکز میں ادویات کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ بجلی سپلائی کی بحالی وپینے کے صاف پانی مہیا کرنے کے لئے بھی متعلقہ محکمہ جات کو جوابدہ بنایا جائے ۔