وزیر دفاع آج جموں آرہی ہیں

0
0

ریاست کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ اور2پُلوں کاکریں گی افتتاح
لازوال ڈیسک

جموںمرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن جمعرات کو ایک روزہ دورے پر جموں آرہی ہیں۔ وہ اس دوران ریاست کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ ضلع سانبہ اور جموں کے اکھنور میں دو پلوں کا افتتاح کریں گی۔ پلوامہ خودکش حملے کے بعد وزیر دفاع سیتا رمن کا یہ پہلا دورہ جموں وکشمیر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پلوامہ خودکش حملے کے بعد سے ریاست میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا ’محترمہ سیتا رمن جمعرات کو دوپہر کے وقت ضلع سانبہ کے راجپورہ میں 331 میٹر طویل پل کا افتتاح کریں گی‘۔ انہوں نے بتایا ’اس کے بعد وزیر دفاع ضلع جموں میں اکھنور پلنوالاروڑ پر 121 میٹر طویل پل کا افتتاح اور میڈیا سے بات چیت کریں گی‘۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع گذشتہ ہفتے جموں کے دورے پر آنے والی تھیں، تاہم سرحدوں پر ہند پاک کشیدگی بالخصوص ایئر سٹرائیکس کے پیش نظر اس دورے کو ملتوی کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا ’وزیر دفاع اب جمعرات کو جموں کے دورے پر آئیں گی۔ ان کے دورے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں‘۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع سرحدوں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ ضلع راجوری کے نوشہرہ کا دورہ بھی کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ہمراہ فوج کے اعلیٰ عہدیدار بھی ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا