مقررین نے پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات کی عالمگیر مطابقت پر روشنی ڈالی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جشن عید میلادالنبی ؐ کے سلسلے میں انجمن اصلاح المسلمین جموں نے مکہ مسجد بھٹنڈی جموں میں ایک روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا۔راجیہ سبھا ممبر انجینئر غلام علی کھٹانہ، مولانا رحمت اللہ میر قاسمی دارالرحیمیہ بانڈی پورہ، سابق سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل حسین احمد صدیقی کانفرنس کے نمایاں شرکاء میں شامل تھے۔ملک کے مختلف حصوں سے متعدد ممتاز اسلامی سکالرز نے شرکت کی اور اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ کی تعلیمات پر تفصیل سے غور و خوض کیا۔ مقررین نے پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات اور پیغام پر روشنی ڈالی جس میں انسانی اقدار اور محبت، باہمی اخوت، رواداری، امن اور ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد پر زور دیا گیا۔ انہوں نے پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات اور پیغام کی عالمی قبولیت اور مطابقت پر زور دیا۔مولانا رحمت اللہ میر ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے فکر انگیز خطاب میں کہا کہ سچا مسلمان وہ نہیں ہے جو پانچ وقت کی نماز پڑھے بلکہ وہ ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی تعلیمات کو عملی طور پر اپنی زندگی میں اپنائے اور دوسروں کو ایسا کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔مولانا عبد اللہ الحسین قاسمی، جامعہ محمدیہ سیری خواجہ پونچھ، علامہ سید غلام حسین رضوی نے بھی اسلام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی تمام مخلوقات کے ساتھ حسن سلوک اور ہم جنسوں سے محبت پر زور دیا۔انہوں نے اس پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقع ریاست میں ہم آہنگی، امن، ترقی اور خوشحالی کا محور ثابت ہوگا۔ مقررین نے آپسی بھائی چارے اور انسانیت کی حقیقی اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا جس کی پیشن گوئی پیغمبر اسلام ؐ نے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مواقع لوگوں کو قریب آنے اور بنی نوع انسان کی ترقی اور معاشرے سے معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے لوگوں کو متحد ہونے اور پیغمبر اسلام ؐکی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ "پیغمبر محمدؐکا ہر ایک لفظ ہمیں سیدھا راستہ دکھاتا ہے اور مہربانی، محبت، بھائی چارے اور امن کا سبق دیتا ہے،” ۔انہوں نے سامعین پر زور دیا کہ وہ کائنات میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پیغمبر اسلام ؐ کے پیغام کو عام کریں۔ دیگر کے علاوہ صدر اصلاح المسلمین جموں عبدالمجید، سابق ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن گلزار حسین قریشی، راشد احمد فانی، سول سوسائٹی کے اراکین، ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ، سکالرز ڈاکٹرز، بیوروکریٹس، سماجی، سیاسی کارکنان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ پروگرام کی نظامت ایڈوکیٹ حسین احمد صدیقی نے کی۔ خواتین کے لیے خصوصی انتظام تھا۔ اس موقع پرلنگربھی تقسیم کیا گیا۔