جموںوکشمیرمیں سرکاری اسامیاں پرکرنے کاذمہ داربھرتی اِدارہ جموں وکشمیرسروسز سلیکشن بورڈاپنی اعتباریت لگ بھگ کھوچکاہے،حالیہ بھرتیوں میں ایک کے بعد ایک سی بی آئی کی جانب سے گھوٹالوں کے دعوئوں نے اِ س اِدارے کی مِٹی پلیدکردی ہے اور اُمیدواروں کوذہنی کوفت کاشکاربنادیاہے،جمعرات کوسروسز سلیکشن بورڈکے جموں دفترکے باہر مایوس اورناراض اُمیدواروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا،یہ مظاہرہ کلاس فورتھ اْمیدواروں نے کیا،مظاہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال سے بورڈ 3400 سو اسامیوں کی حتمی فہرست منظر عام پر لانے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے،انہوں نے بورڈ کے کام کاج پر بھی سوالات اْٹھاتے ہوئے کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ نوجوانوں کی اْمیدوں پر کھرا اْترنے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے،تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق جمعرات کے روز سروسز سلیکشن بورڈ جموں میں اْمیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی دھرنا دیا،مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اْٹھا رکھتے تھے جن پر سروسز سلیکشن بورڈ ہائے ہائے کے نعرے درج تھے،ان کاکہناتھاکہ سال 2020میں درجہ چہارم کی زائد از آٹھ ہزار اسامیوں کو پْر کرنے کی خاطر بور ڈ نے اْمیدواروں سے درخواستیں طلب کیں،انہوں نے بتایا کہ تحریری امتحان کے باوجود بھی بورڈ باقی مانندہ 3400اسامیوں کی فہرست منظر عام پر نہیں لائی جارہی ہے،اْن کے مطابق اْمیدوار ہر روز سروسز سلیکشن بورڈ کے دفتر پر آتے ہیں اْنہیں یقین دہانی کرائی جاتی ہیں کہ ایک ہفتے کے اندرا ندر لسٹ کو منظر عام پر لایا جائے گالیکن ایک سال بیت گیا ایس ایس آر بی وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکا،انہوں نے مزید کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ کی اعتباریت پر ہی سوالات اْٹھ رہے ہیں لہٰذا حکومت کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہئے،اْمیدواروں نے ایس ایس آر بی چیئرمین کے کمرے کے باہر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا جس کے بعد پولیس ٹیم بھی جائے موقع پرپہنچی اورمظاہرین سے بات چیت کرکے انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی،درجہ چہارم کی اسامیاں اگرکسی قسم کے گھوٹالے سے محفوظ ہیں، یہ بھرتی عمل شفاف ہے توحکومت کومداخلت کرتے ہوئے فہرست منظرعام پرلانی چاہئے اوراُمیدواروں کی کشمکش کودورکرناچاہئے، ایسانہ ہو کہ آنے والے دِنوں میں سی بی آئی انکشاف کرے کہ درجہ چہارم کی بھرتی کاعمل بھی داغدارہے اوراس میں بھی گھوٹالہ ہواہے،توسی بی آئی کوبھی جومختلف بھرتی گھوٹالوں کی جانب کررہاہے،اس بھرتی عمل کوبھی دیکھناچاہئے اوربلاتاخیرکنفیوژن دورکرنی چاہئے۔