دارالعلوم عزیزیہ اہل سنت سیڑی خواجہ میں جماعت اہل سنت صوبہ جموں رجسٹرڈ کے بینر تلے میلاد النبیؐ کانفرنس ہوئی منعقد
سرفرازقادری
مینڈھر؍؍دارالعلوم عزیزیہ اہل سنت سیڑی خواجہ میں جماعت اہل سنت صوبہ جموں رجسٹرڈ کے بینر تلے اور مولانا قمرالزماں کی قیادت میں میلاد النبیؐ کانفرنس ہوئی منعقد۔ کانفرس میں علمائے کرام نے میلاد النبیؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایاکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عالمِ انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کا فضل، رحمت اور اِحسانِ عظیم ہیں۔ اْمتِ مسلمہ پر واجب ہے کہ وہ اس نعمتِ عظمیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائے کیوں کہ شکر اللہ تعالیٰ کو بہت محبوب ہے اور کسی عطا پر اس کا شکر بجا لانا سنتِ انبیاء ہے۔ اظہارِ تشکر کے کئی طریقے ہیں انفرادی طور پر بندہ رب کریم کا شکر ادا کرنے کے لیے نفلی عبادات اور خیرات و عطیات کو ذریعہ اظہار بناتا ہے مگر جو فضل و احسان امت پر اجتماعی سطح پر ہوا ہو اس کا اظہارِ تشکر بھی اجتماعی طریقے سے کیا جاتا ہے۔ چوں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و بعثت پوری کائناتِ انسانی پر اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم اور فضل عمیم ہے ۔اس لیے اس نعمتِ عظمیٰ پر عزوجل کا شکر اجتماعی طور پر ادا کرنا ضروری ہے۔کانفرنس میں مہمان خصوصی مولانا مفتی منظور رضا نعیمی صدر جماعت اہل سنت کشمیر، مقرر خصوصی قائد اہل سنت مفتی فاروق حسین مصباحی امام وخطیب مرکزی جامع پونچھ ونائب صدر جماعت اہلسنت صوبہ جموں رجسٹرڈ، مولانا مدثر قادری جنرل سیکریٹری جماعت اہل سنت صوبہ جموں رجسٹرڈ، مولانا حافظ و قاری عبدالمجید مدنی صدر جماعت اہلسنت رجسٹرڈ ضلع پونچھ، مولانا سید فاضل حسین بخاری صدر جماعت اہل سنت رجسٹرڈ تحصیل منڈی، مولانا سکندرحیات اظہری پرنسپل جامعہ انوارالعلوم پونھ، مولانا مفتی شبیر مصباحی جوائنٹ سیکریٹری جماعت اہل سنت ضلع پونچھ موجود تھے کانفرنس میں قاری محمود رضا قادری جنرل سیکریٹری جماعت اہل سنت ضلع پونچھ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور آخر میں مولانا عبدالرزاق نعیمی نے تمام علمائے کرام و عوام اہل سنت کا شکریہ ادا کیا کانفرنس میں علمائے کرام وائمہ مساجد کثیر تعداد میں موجود تھے۔