راشن، تیل خاکی اور ادویات کی کمی،ریاسی اوررام بن ضلع انتظامیہ سے خصوصی مداخلت کی اپیل
لازوال ڈیسک
مہور//موسم سرما میں ہوئی بارش اوربرف باری کے 40 دن گزر جانے کے بعد بھی مہور تا گول اور گلابگڑھ سڑک بحال نہیں ہوسکی۔یاد رہے جنوری ماہ کے 21تاریخ کو مہور سے گول اور مہور سے گلابگڑھ جانے والی سڑک برفباری اور تیز بارش کی وجہ سے بند ہوگئی تھی جس کو ابھی تک بحال نہیں کیا گیا۔مہور سے گول جانے والی سڑک ڈگن ٹاپ کے مقام پر برف گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے بتایا جاتا ہے اس وقت بھی ڈگن ٹاپ میں برف جمع ہے جس کو صاف کرنے میں انتظامیہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔مہور سے رام بن ضلع کو ملانے والی سڑک تقریباً چالیس دن سے بند ہے۔یہاں چچی جمسلان کے ایک مقامی شخص محمد فاروق نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہور کے لوگوں کے زیادہ تر رشتہ دار گول میں رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے رابطے ٹوٹ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا مہور کے کچھ بچے گول مدرسہ میں پڑ ھ رہے ہیں جن کے والدین ان سے ملنے کے لئے تڑپ رہے ہیں اور راستہ بند ہونے کی وجہ سے وہ پریشان ہیں کیونکہ یہی ایک راستہ ہے جو مہور سے گول کو ملاتا ہے۔اسی طرح تاجر وں نے بھی شکایت کی کہ انہیں بھی تجارت میں خلل پڑا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اور ضلع انتظامیہ ریاسی پر الزام لگایا کہ دونوں طرف سے سڑک کو بحال کرنے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔اسی طرح مہور سے گلابگڑھ جانے والی سڑک پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے ٹکسن سے گلابگڑھ تک بند پڑی ہے جس کو محکمہ پی ایم جی ایس بحال کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔یہ سڑک شیدول،رنگلائی،کھوڑ،لار،برنسال،گلابگڑھ،کیدورہ،دیول،ڈوگا،نہوچ وغیرہ کو ملاتی ہے۔سڑک بند ہونے کی وجہ سے علاقہ میں ادویات ، تیل خاکی اور راشن وغیرہ کی شدید قلت پائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق وہ تین ماہ سے راشن سے محروم ہے اور وہ فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں کیوں کی سڑک بند ہونے کی وجہ سے علاقہ میں راشن نہیں پہنچ رہا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے اس علاقہ کے لوگ زیادہ تر غریب ہے تبھی انہیں دبایا جارہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ وزیراعظم ڈیجیٹل انڈیا کی بات کر رہا ہے لیکن یہ لوگ اس جدید دور میں بھی قدیم انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مقامی لیڈروں پر الزام لگایا کہ مقامی لیڈر الیکشن کے دوران بلند بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن چالیس دن سے سڑک بند ہے کوئی بھی لیڈر اس کو بحال کرنے کی بات نہیں کررہا۔علاقہ میں لوگ گھروں میں بیمار پڑے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ سڑک کو جلدی بحال کیا جائے تا کہ لوگوں کے مصائب کا ازالہ وہ سکے۔