سی ای او پونچھ نے کئے منڈی و ساتھرہ زون کے اساتذہ میں حکمنامے تقسیم
ظہیر عباس/وسیم حیدری
منڈی//ریاستی انتظامیہ کونسل کے فیصلہ نمبر 166/22/2018 کے تحت ایس ایس اے اساتزہ کے لئے چالیس ہزار اسامیوں کو وجود میں لایا گیا تھا جن پر ان کو مستقل کرنے کا حکم نامہ بھی جاری ہوا تھا اور اس حکم نامے کے مطابق انہیں ریاستی بجٹ میں ضم بھی کیا گیا تھا – اسی عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے جمعہ کو چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ وجے کمار بھگت نے منڈی تعلیمی زون کے تحت پڑنے والے 130 جبکہ ساتھرہ زون میں پڑنے والے 89 اساتزہ کو مستقلی کے نئے حکمنامے تقسیم کئے – واضح رہے کہ یہ تمام اساتزہ اس سے قبل ایس ایس اے سکیم کے تحت محکمہ تعلیم میں کام کر رہے تھے جنہیں ریاستی انتظامیہ کونسل کے فیصلے کے تحت گورنمنٹ حکمنامہ نمبر 20EDU اور 23EDU سے اسامیاں وجود میں لاکر ماسٹر گریڈ دوم دے کر اسامیوں کو پر کیا گیا – اس حوالے سے چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ وجے کمار بھگت نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے ایس ایس اے اساتزہ کو مستقل کیا گیا ہے جس کے تحت تعلیمی زون منڈی میں پائے جانے والے 130 اساتزہ میں حکمنامے تقسیم کئے گئے جبکہ بقیہ ایک استاد کو تصحیح کی وجہ سے آج حکمنامہ نہیں دیا گیا جسے آنے والے دنوں میں تصحیح کا عمل مکمل ہونے پر دے دیا جائے گا – ان کا کہنا تھا کہ پورے ضلع پونچھ میں 1109 ایس ایس اساتزہ کو مستقل کیا گیا ہے اور اسی سلسلہ میں زون منڈی اور ساتھرہ کے اساتزہ میں حکم نامے تقسیم کئے گئے – انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی تک جو اساتزہ مستقل نہیں کئے گئے ہیں ان کے لئے محکمہ کی طرف سے مستقلی کا عمل جاری ہے – تحصیل صدر اساتزہ ایسوسیشن شمیم الحسن انصاری نے اس سلسلہ میں تمام اساتذہ کی جانب سے ریاستی انتظامیہ اور سی ای او پونچھ کا شکریہ بھی ادا کیا –