یواین آئی
نئی دہلیپاکستان کے ساتھ سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظر جموں کشمیر ،ہماچل پردیش ،اتراکھنڈ اور پنجاب کے جن ایئرپورٹوں پر شہری پروازیں معطل کردی گئی تھیں وہ اب بحال کردی گئی ہیں ۔شہری ہوابازی کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایاکہ ان ایئرپورٹوں کے لیے شہری پروازوں کے لیے جاری فضائی حدود کی پابندی کانوٹس واپس لے لیاگیاہے ۔اس سے قبل پائلٹوں کو جاری نوٹس میں کہاگیاتھا کہ اگلے احکامات تک پتھوراگڑھ ،امرتسر،پٹھانکوٹ ،سری نگر ،جموں ،لیہ ،شملہ ،کانگڑا اور کلومنالی ایئرپورٹوں پر بھی فضائی ممنوعہ حدود کی وجہ سے فضائی خدمات بندہونے کی خبریں تھیں ۔فضائی خدمات فراہم کرنے والی ہندستانی کمپنیوں کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستان کی فضائی حدودسے انکے طیارے پروازنہیں کررہے ہیں ۔ایک ایئر لائن کے سینئر افسر نے اس کی وجہ سے اسکے طیارے کے کابل میں پھنسے ہونے کی تصدیق کی ہے ۔شہری ہوابازی کے وزیر مملکت جینت سنہا نے اس سلسلہ میں پوچھے جانے پر کہاکہ وزارت فضائیہ سے موصول ہدایت پر پوری طرح سے عمل کررہی ہے ۔اسلام آباد سے موصولہ خبروں کے مطابق ،پاکستانی شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے بھی کئی ایئرپورٹوں پر شہری طیاروں کی آمدورفت روک دی ہے ۔پشاور ،لاہوراور کراچی ایئرپورٹوں پر حفاظتی وجوہات کی بناپر شہری پروازوں کی آمدورفت بندکردی گئی ہیں ۔کراچی سے نئی دہلی آنے والی پی کے ۔270پرواز اور لاہور سے مینچسٹر جانے والی پروازبھی سکیورٹی اسباب کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ہے ۔