لازوال ڈیسک
جموں کاشتکار برادری میں محکمہ باغبانی کی رقبہ کی توسیعی اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مڑھ بلاک میں، محکمہ باغبانی جموں نے آج باغبانی زون مڑھ کی کانا چک اور پنجور پنچایتوں میں بیداری اور بات چیت کے پروگراموں کا انعقاد کیا۔وہیںتمام پروگراموں کی صدارت چیف ہارٹیکلچر آفیسر جموں ایس سربجیت سنگھ، اور ایچ ڈی او ایس پرمیندر سنگھ، ایچ ڈی او سنسار چند نے کی، اس کے علاوہ علاقے کی خواتین، سرپنچ اور پی آر آئی ممبران سمیت کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرایس سربجیت سنگھ نے پروگراموں میں کسانوں کے ایک بڑے اجتماع سے بات کرتے ہوئے، انہیں محکمہ کے تعاون سے باغات قائم کرنے کے لیے پھلوں کی فصلوں کے پودے لگانے کی مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چونکہ بارش کا موسم چل رہا ہے اور یہ پھلوں کی فصلوں کی کاشت کے لیے موزوں ترین وقت ہے، اس لیے انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ آگے آئیں، محکمے سے وابستہ ہوں، فیلڈ کے ذمہ داران سے قریبی رابطہ رکھیں اور محکمانہ اسکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔