مرکزی وزراءایم ایل اے کو دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں:: کانگریس
لازوال ڈیسک
نئی دہلی کانگریس نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جھارکھنڈ میں گزشتہ دو برسوں سے منتخب حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اس دوران اس کی کوششیں زیادہ تیز ہو گئی ہیں۔کانگریس کے ترجمان پون کھیرا اور پارٹی کے جھارکھنڈ انچارج جنرل سکریٹری اویناش پانڈے نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی نے پہلے اروناچل، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، کرناٹک، اروناچل پردیش، منی پور، گوا اور گزشتہ دنوں مہاراشٹرا میں جو حربے استعمال کیے ہیں اسی طرح اب جھارکھنڈ میں ایم ایل اے خرید کر حکومت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے جھارکھنڈ کی منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کوشش کے ایک حصے کے طور پر ایم ایل اے سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں ماضی میں رانچی میں ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ مرکزی وزراءایم ایل اے کو دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ای ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے کارروائی کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔مسٹر پانڈے نے کہا کہ جھارکھنڈ میں حکومت گرانے کی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں اور بی جے پی کے کئی بڑے لیڈر اس عمل میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایم ایل اے تک پیسہ پہنچ چکا ہے لیکن انہوں نے ان ایم ایل اے کے نام بتانے سے انکار کردیا۔