بچوں میں اسکول سے ہی بنیادی کردار کو مضبوط بنانے کی اپیل کی
یواین آئی
حیدرآبادنائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہفتہ کے روز طلباءسے اپیل کی کہ وہ فطرت سے محبت کریں اور اس کے ساتھ زندگی گزاریں۔مسٹرنائیڈو نے یہاں رامنتھا پور میں حیدرآباد پبلک اسکول (ایچ پی ایس) کی گولڈن جوبلی تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اپیل کی۔ انہوں نے اپنے مخصوص دوستانہ انداز میں اسکول کے طلباءاور عملے کے ساتھ بات چیت بھی کی۔نائب صدر جمہوریہ نے ایچ پی ایس انسٹی ٹیوٹ کی ستائش کی، جس کے پاس ہزاروں طلباءکی قسمت کوتراشنے اوراپنی شناخت قائم کرنے نیز اپنے لئے نام کمانے کا وڑن ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے انفراسٹرکچر اور ماحول کو سراہتے ہوئے انہوں نے ادارے کی خوشحالی، ترقی اور پیش رفت کی خواہش کی نیز طلباءپر زور دیا کہ وہ فطرت سے محبت کریں اور اس کے ساتھ زندگی گزاریں۔انہوں نے قوم کے تئیں بچوں کے فرض پر زور دیا اور ہندوستانی طرز زندگی کے جوہر کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کردار سازی، وقت کی پابندی، نظم و ضبط کی حوصلہ افزائی کی اور طلباءکو کھیل کھیلنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ ایچ پی ایس ہر طالب علم کی منفرد اور فطری صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ قابلیت کو سامنے لا کر 21ویں صدی کی ضروریات کے مطابق کثیر الضابطہ طریقہ کار پر سختی سے عمل پیرا ہے۔اس موقع پر تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی، بی سبھاش ریڈی، ایم ایل اے اور دیگر موجود تھے۔