بڈگام میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

0
0

2 پائلٹ سمیت 6 اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک؛کورٹ آف انکوائری کے احکامات صادر
یواین آئی

بڈگام وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے گریند کلان میں بدھ کے روز انڈین ایئر فورس کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار بھارتی فضائیہ کے چھ اہلکار بشمول دو پائلٹ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حادثے میں ایک 25 سالہ نوجوان کفایت حسین گنائی ولد محمد رمضان گنائی بھی جاں بحق ہوا ہے۔ انڈین ایئر فورس کی طرف سے نئی دہلی میں جاری ایک بیان کے مطابق ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر اس وقت حادثے کا شکار ہوگیا جب یہ معمول کی فضائی مشق پر تھا۔ اس میں کہا گیا ’ہیلی کاپٹر صبح کے قریب دس بجکر دس منٹ پر بڈگام میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی چھ بہادر جوان جاں بحق ہوئے۔ واقعہ کی کورٹ آف انکوائری کے احکامات صادر کردیے گئے ہیں‘۔ ذرائع نے یہاں یو این آئی کو بتایا کہ انڈین ایئر فورس کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بدھ کو صبح کے قریب دس بجکر دس منٹ پر ضلع بڈگام کے گریند کلان نامی گاﺅں میں ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چھ اہلکار بشمول دو پائلٹ جاں بحق ہوئے ہیں۔ جائے حادثہ سے سات لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ مہلوکین میں مقامی نوجوان کفایت حسین بھی شامل ہے۔ وہ تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی زد میں آگیا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انڈین ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر ایک کھلے میدان میں گر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہیلی کاپٹر کے زمین پر گرنے کے ساتھ ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ایک مقامی باشندے نے بتایا ’جب ہم جائے حادثہ پر پہنچے تو ہیلی کاپٹر میں بھیانک آگ لگی ہوئی تھی‘۔ انہوں نے بتایا ’بڈگام کے بیشتر حصوں میں گذشتہ ایک ہفتے سے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی غیرمعمولی نقل وحرکت دیکھی جارہی ہے‘۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر نے ٹیکنیکل ایئرپورٹ بڈگام سے اڑان بھری تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ بتادیں کہ 24 اگست 2015 ءکو اسی ضلع (بڈگام) کے سویہ بگ علاقہ میں ائر فورس کا ایک ایم آئی جی 21 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔ تاہم طیارے کا پائلٹ بحفاظت بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ اسی سال کے فروری میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ جان بحق ہوئے تھے۔ سال 2014 کے مئی میں میں ایک ایم آئی جی 21 طیارہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان پائلٹ جان بحق ہوا تھا۔ سال 2013 میں سری نگر ائرپورٹ کے قریب مگ21 ایک رہائشی مکان پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ پائلٹ تو بچ گیا تھا لیکن ایک شہری ہلاک ہوگیا تھا۔ اس سے قبل سنہ 2007 میں جموں کے ریاسی قصبہ میں مگ21 گرا تو دو پائلٹ مارے گئے تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا