ہندوستانی پائلٹ کو جلد اور بحفاظت واپس کرے پاکستان : ہندوستان
یواین آئی
نئی دہلیہندوستانی فضائیہ نے جموں و کشمیرمیں فوجی ٹھکانوں پرپاکستانی فضائیہ کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے آج بدھ کو اس کے ایک جنگی طیارہ کو مار گرایا حالانکہ اس کارروائی کے دوران ہندوستانی فضائیہ کا ایک طیارہ تباہ بھی ہوگیا اور اس کا پائلٹ ابھی لاپتہ ہے ۔ہندوستان نے پاکستان سے ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ کو جلد اور بحفاظت واپس لوٹانے کو کہا ہے اور زخمی حالت میں ان کی ویڈیو کلپ عام کرنے پر سخت احتجاج درج کیا ہے۔ وزارت خاررجہ کے ترجمان رویش کمار نے فضائیہ کے ایر وائس مارشل آر جی کے کپور کی موجودگی میں آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستانی پائلٹ اس کے قبضے میں ہے ۔ ترجمان نے بتایاکہ پاکستان کے اس دعوے کے بارے میں مزیدحقائق کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں سی آر پی ایف پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے منگل کو پاکستان کے بالاکوٹ میں واقع جیش محمدکے دہشت گرد کیمپ کو تباہ کرنے کی کارروائی کی تھی ۔یہ کارروائی اس خفیہ جانکاری کی بنیادپر کی گئی تھی کہ پلوامہ حملے کی ذمہ داری لینے والا جیش محمد ایک بار پھر دہشت گردانہ حملے کی سازش تیار کررہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد ٹھکانوں پر فضائیہ کی کارروائی کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے آج صبح ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرکے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا لیکن چوکس فضائیہ نے پاکستانی طیاروں کی کوشش کو ناکام بنادیا۔مسٹر کمار نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران فضائیہ کا ایک مگ 21طیارہ ہم نے کھو دیا جو پاکستانی علاقے میں گرا ہے ۔ پائلٹ کی ویڈیواوراس کی صحیح سلامت پاکستانی تحویل میں ہونے کی تصدیق کے بعد ہندوستان نے پاکستان سے ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ کو جلد اور بحفاظت واپس لوٹانے کو کہا ہے اور زخمی حالت میں ان کی ویڈیو کلپ عام کرنے پر سخت احتجاج درج کیا ہے۔وزارت خارجہ نے پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کر کے کہا کہ اس کے فضائیہ پائلٹ کو زخمی حالت میں دکھانے والی ویڈیو کلپ کو عام کرنا بین الاقوامی انسانی قانون اور جنیوا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی سفارتکار سے واضح الفاظ میں کہا گیا کہ ان کے ملک کی حراست میں ہندوستانی فضائیہ پائلٹ کو کوئی گزند نہ پہنچایا جائے اور امید ظاہر کی گئی کہ پائلٹ کو فوری طور پر اور بحفاظت واپس لوٹایا جائے گا۔ وزارت خارجہ نے پاکستانی کارگزار ہائی کمشنر کو آج شام طلب کرکے پاکستان کی طرف سے آج سویرے بغیر اشتعال کے حملے اورپاکستانی فضائیہ کے ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا نے پر سخت احتجاج درج کرایا گیا۔وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت کار کو دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا گیا ہے کہ ہندوستان کو کسی بھی طرح کے حملے اور سرحد پار دہشت گردی کی کارروائی کے جواب میں اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کرنے کا پورا حق ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ ہندوستان نے بالاکوٹ میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے کیمپ پر کارروائی کی تھی۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی ذمہ داری کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی زمین سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ہندوستان پر حملہ کیا ہے۔ اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا گیا کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت اپنی زمین سے چلائے جارہے دہشت گرد کیمپوں کی موجودگی سے مسلسل انکار کرتا رہا ہے۔وزارت نے پاکستانی سفارتکار کو پلوامہ حملے میں جیش محمد کے رول سے متعلق دستاویزات کا پلندہ بھی سونپا۔ یہ کہا گیا کہ ہندوستان توقع کرتا ہے کہ پاکستان اپنی سر زمین سے ہونے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے گا۔