سرفرازقادری
مینڈھر گورنمنٹ چھوٹے شاہ میموریل ڈگری کالج مینڈھر محکمہ سماجی جنگلات جموں و کشمیر کے تعاون سے کالج کیمپس میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا اہتمام این ایس ایس یونٹ کی طرف سے "آزادی کا امرت مہوتسو” کے تحت شروع کی جانے والی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا، جو حکومت ہند کے 75 سال کی آزادی کو منانے اور اس کی یاد منانے کے لیے ایک اہم پروگرام ہے۔ اس کا مقصد صاف ستھرے ماحول کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل اور زمین کی حفاظت کے لیے شجرکاری کرنا ہے۔ اس مہم کا افتتاح ڈی۔ ایف۔او سوشل فارسٹری اور این ایس ایس یونٹ نے مشترکہ طور پر کیا۔ تقریباً 50 دواو¿ں جڑی بوٹیوں سایہ دار سجاوٹی قسم کے پودے محکمہ سماجی جنگلات کے عہدیداروں، کالج کے فیکلٹی ممبران اور این ایس ایس کے رضاکاروں نے کالج کیمپس کے اندر لگائے۔ اس کے بعد پروفیسر سلیم ایاز راتھر (صدر شعبہ حیوانیات) نے "سماجی جنگلات اور ذریعہ معاش کے مواقع” پر ایک وضاحتی لیکچر دیا۔ انہوں نے جنگلات کو فروغ دینے، چارے کے بنکوں کی تشکیل، ادویاتی پودوں کی کاشت اور ریشم کی زراعت کو فروغ دینے میں محکمہ سماجی جنگلات کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اسد عمران (این ایس ایس پروگرام آفیسر) نے کہا کہ درخت زندگی کی لکیر ہیں اور ہمیں اپنے اردگرد زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات کی کٹائی سے ماحولیات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے جس کے نتیجے میں گلوبل وارمنگ اور سیلاب کے ساتھ دیگر قدرتی آفات میں اضافہ ہو رہا ہے اور شجرکاری اس مسئلے کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔ ایسے میں درخت لگانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ کالج کے طلباءکے ساتھ بات چیت کے دوران ڈی ایف او محمد سلیم نے پائیدار ترقی میں جنگلات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلباءپر زور دیا کہ وہ شجر کاری کی مختلف مہموں میں اپنی فعال شرکت کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے جنگلات کے تحفظ اور عوام میں ماحولیاتی حساسیت کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے صاف ستھرے ماحول، زمین کی حفاظت وغیرہ کے لیے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے پودوں کی ضرورت کے بارے میں بتایا۔ این ایس ایس رضاکاروں کے علاوہ کالج کا غیر تدریسی عملہ اور ڈی ایف او ، محکمہ جنگلات کا عملہ،کے ساتھ ساتھ پروفیسر سلیم ایاز راتھر صدر شعبہ حیوانیات، پروفیسر وسیم اکرم میر صدر شعبہ کمپیوٹر ایپلیکیشن، پروفیسراسرار احمد صدر شعبہ سماجیات، ڈاکٹر اسد عمران این ایس ایس پی پروگرام آفیسر، پروفیسر محمد الیاس صدر شعبہ فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس، پروفیسر شوکت وانی شعبہ انگلش اور پروفیسر مسرور میر شعبہ سماجیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔