ہند۔ پاک کے درمیان بات چیت کا ماحول تیار کرنے کے بیان کا عمر اور محبوبہ نے خیرمقدم کیا

0
0

سری نگرجموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی شہزادے محمد بن سلمان کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دیے گئے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ نیشنل کا نفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر اتفاق کرنا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ہم ہمیشہ سے کہتے آرہے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی سے ہی دوطرفہ مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے لہذا دونوں ممالک کو بات چیت کے لئے سازگار ماحول تیار کرنا چاہئے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا ‘تاہم جب ہندوستان ایک تیسرے ملک کے ساتھ مشترکہ بیان میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کا ماحول تیار کرنے کی ضرورت پر اتفاق کرتا ہے تو وہ اچانک حب الوطنی اور قوم پرستی بن جاتی ہے’۔ انہوں نے کہا ‘لیکن جب ہم میں سے کوئی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کرنے کے لئے ساز گارماحول تیار کرنے کی بات کرتا ہے تو اس کو ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے’۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پلوامہ خود کش دھماکے کے بعد سے جاری جنگی ماحول کے بیچ بھارتی وزیر اعظم کا سعودی ولی عہد کے ساتھ مشترکہ بیان میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے سازگار ماحول تیار کرنے پر اتفاق کرنے کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان جنگ کے حامیوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے تاہم محمد بن سلمان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کرکے ہر کسی کو خوش رکھنے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزر اعظم نریندر مودی اور سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کئی باہمی تجارتی وثقافتی امور پر اتفاق کرنے کے علاوہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا