یواین آئی
نئی دہلیمرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جموں کشمیر کے اونتی پورہ میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کو سری نگر کا دورہ کرسکتے ہیں۔اونتی پورہ میں آج سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پرحملے میں 20 جوان شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ مسٹر سنگھ نے اس حملے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل آر آر بھٹناگر سے بات چیت کی۔ انہوں نے جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے بھی اس سلسلے میں بات کی ہے۔وزیر داخلہ نے حملے کے پیش نظر اپنا طے شدہ بہار کا دورہ منسوخ کردیا ہے اور ممکن ہے کہ وہ سری نگر جاکر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کافی تکلیف دہ قرار دیا۔انہوں نے کہا ‘میں ملک کی خدمت میں اپنی جان دینے والے ہر سی آر پی ایف جوان کوسلام کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ‘ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں صدر راج نافذ ہے۔