لکھنؤ، // اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی مشاورت سے ریاست میں نو تشکیل شدہ کابینہ کے وزرا کو قلمدان تفویض کیے ہیں۔ اس کے تحت وزیر اعلی یوگی کے پاس داخلہ اور پرسونلسمیت تمام 34 محکمے ہوں گے جو ان کے پاس پچھلی حکومت میں بھی تھے۔
ہفتہ کی دیر شام ریاست کے چیف سکریٹری درگاشنکر مشرا کے ذریعہ جاری کردہ وزراء کے قلمدانوں کی فہرست کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک کو صحت اور خاندانی بہبود کا محکمہ اور کیشو پرساد موریہ کو دیہی ترقی اور دیہی انجینئرنگ کا محکمہ دیا گیا ہے۔ پچھلی حکومت میں موریہ کے پاس پبلک ورکس محکمہ بھی تھا۔ یہ محکمہ اب کابینی وزیر جتن پرساد کو دیا گیا ہے۔
محکموں کی فہرست سے واضح ہے کہ پچھلی حکومت میں جو وزراء تھے ان میں سے بیشتر کے قلمدان برقرار رکھے گئے ہیں۔ یوگی کو 34 محکمے تفویض کیے گئے ہیں جن میں تقرری، داخلہ،پرسونل، کان کنی، محصول، خوراک اور سول سپلائی اور قانون و انصاف شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پچھلی حکومت میں محکمہ قانون و انصاف برجیش پاٹھک کے پاس تھا۔
وزراء کو قلمدان سونپے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے یوگی نے عوام کے اعتماد کی آزمائش پر پورا اترنے کا یقین ظاہر کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور کہا اتر پردیش کے تمام معزز وزراء کو ان کی ذمہ داری نبھانے پر بہت بہت مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب ‘جن وشواس ‘ کے امتحان پر پورا اتریں گے۔ وزراء کو تفویض کردہ محکموں کی فہرست میں موریہ کو چھ محکمے بشمول دیہی ترقی، فوڈ پروسیسنگ اور تفریحی ٹیکس اور پاٹھک کو تین محکمے صحت، طبی تعلیم اور خاندانی بہبود دیے گئے ہیں۔
کابینی وزراء میں سریش کھنہ کو خزانہ اور پارلیمانی امور، سوریہ پرتاپ شاہی کو زراعت، سواتنتر دیو سنگھ کو واٹر پاور اینڈ فلڈ کنٹرول، بابیرانی موریہ کو ترقیات خواتین و اطفال، لکشمی نارائن چودھری کو فروغ گنا اور شوگر ملز، جیویر سنگھ کو سیاحت کا محکمہ سونپا گیا ہے۔