یو این آئی
سری نگر وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی طرف سے برف وباراں کی پیش گوئی کے بیچ سردی کی لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 12 سے 15 فروری تک برف وباراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے۔ وادی میں جہاں منگل کو سہ پہر تک مطلع ابر آلود رہا،وہیں اس کے بعد ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ چالیس دنوں پر محیط سردیوں کے شہنشاہ چلہ کلان کے اختتام کے بعد اہلیان وادی سردیوں کی شدت میں کمی واقع ہونے کی توقع کرتے تھے لیکن 20 دنوں پر محیط چلہ خورد نے آغاز سے ہی اپنے تیور دکھا کر لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ رواں چلہ خورد میں اب تک بھاری برف باری بھی ہوئی اور شدید سردی بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو آنے والے ایام میں بھی موسم کی بے رخی و بے رحمی سے نجات ممکن نہیں۔ ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گی۔ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی17.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔