کہا بی جے پی ہی عوام کو ان کی دہلیز پر مجموعی ترقی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے
لازوال ڈیسک
جموں// سابق وزیر اور سابق ایم ایل اے جموں ویسٹ ست شرما نے ڈپٹی میئر جے ایم سی پرنیما شرما اور کارپوریٹر وارڈ 37 سنیتا گپتا کے ساتھ جانی پور کالونی علاقے میں 5 پارکوں کی اپ گریڈیشن کے لیے کام شروع کیا۔اس موقع پر منڈل صدر رویش مینگی،مقامی عوام اور علاقہ کے سیاسی کارکنان بھی موجود تھے۔واضح رہے ان کاموں پر 27 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے اور اس کے تحت متعدد پارکوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ست شرما نے کہا کہ اس طرح کے کام وقت کی ضرورت ہیں اور اس سے ان علاقوں میں رہنے والے ہزاروں باشندوں کی ضروریات پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے اس قسم کے ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار تھے اور کسی نے بھی ایسی جگہوں کو تیار کرنے کی زحمت نہیں کی جسے عوام اپنی تفریحی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی عوام کو ان کی دہلیز پر مجموعی ترقی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔نوجوانوں کے لیے نئی راہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر سے بے روزگاری کو ختم کرنے کے مشن پر کام کر رہی ہے اور پی ایم مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی بھلائی کے بارے میں فکر مند ہیں۔ شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر کا بجٹ اور آنے والی سرمایہ کاری میں لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے اور یقینی طور پر اس نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔