ماجد چوہدری
پونچھ؍؍مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے بلاک ننگالی صاحب سائیں با با کے ہائر سکینڈری اسکول اسلام آباد میں ہمدرد ہیومین ولفیئر سوسائٹی کی جانب سے ایک کیمپ کا انعقاد کر غریب اور ضرورت مند طلباء میں مفت کتابیں تقسیم کیں تاکہ دور دراز کے علاقوں سے وابسطہ غریب و ضرورت مند طلباء کتابوں کی غرض سے معیاری تعلیم سے محروم نہ ہو پائیں۔ہمدرد ہیومین ولفیئر سوسائٹی اس ضمن میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔اسی ضمن میں آج گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول اسلام آباد میں ہمدرد ہیومین ولفیئر سوسائٹی کی جانب سے ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف سیاسی و سماجی کارکن تنویر چوہدری و پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول اسلام آباد مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے جہاں غریب اور ضرورت مند طلباء و طالبات میں مفت کتابیں تقسیم کی گئیں۔اس تقریب کی نظامت کے فرائض گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول اسلام آباد میں شعبہ عربی کے لیکچرر قاسم ملک نے انجام دیئے جہاں مہمانوں نے خطاب کرتے ہوئے ہمدرد ہیومین ولفیئر سوسائٹی کے کام کی سراہنا کی اور سوسائٹی کے چیئرمین کو معاشرے کی خدمت اور انکی بے پناہ کاوشوں پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرنے کی امید جتائی۔