بی جے پی واحد سیاسی پارٹی ہے جو او بی سی کو حقیقی فائدہ پہنچا رہی ہے:برہم جیوت ستی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر بی جے پی او بی سی مورچہ نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر، تریکوٹہ نگر جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے او بی سی برادریوں سے آگے آنے اور آنے والی ریلی میں شامل ہونے کی اپیل کی جو 6 مارچ کو بی جے پی ہیڈ آفس، جموں کے باہر منعقد کی جائے گی۔اس موقع پرجموں و کشمیر بی جے پی او بی سی مورچہ کے صدر برہم جیوت ستی نے بی جے پی میڈیا انچارج ڈاکٹر پردیپ مہوترا کی موجودگی میں اور مورچہ کے جنرل سکریٹری راجکمار ترکھان ،مورچہ جنرل سکریٹری سنیل پرجاپتی، مورچہ سکریٹری روی مہرا اور مورچہ سکریٹری جلاج چودھری کے ہمراہ برادری سے اپیل کی کہ چھ مارچ کو ہونے والی ریلی میں شرکت کریں،وہیںبرہم جیوت نے کہا کہ بی جے پی واحد سیاسی پارٹی ہے جو او بی سی کو حقیقی فائدہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم نریندر مودی جی پسماندہ طبقات کی بہتری کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں، حال ہی میں او بی سی کمیونٹی کے 27 وزراء کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل مرکزی حکومت نے بھی آل انڈیا میڈیکل/ڈینٹل کورسز میں او بی سی کو 27 فیصد اور ای ڈبلیو ایس سیکشن کو 10 فیصد دینے کا تاریخی فیصلہ لیا تھا، یہ ایک تاریخی فیصلہ تھا کیونکہ اس سے او بی سی کو انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میں بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت او بی سی طلبہ کے لیے بہت سی اسکیمیں چلا رہی ہے ۔