معراج النبی اللہ کے نبی کا عظیم الشا ن معجزہ : مولانا شبیر نوری معاشرے میں اخلاقی قدروں کا فقدان : مولانا اعجازالحق بخاری
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍رحمت دوعالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج کی رات براق پر سوار قاب قوسین کی طرف بلندیوں کا سفر طے کرتے رہے، آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایسے بلند مقامات عطاہوئے کہ اِن مراتب کے بعد بھی لاتعداد عظمتوں اور بلندیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ان خیالات کا اظہار شب معراج النبی ﷺ کے موقعہ پر منعقدہ عظیم الشان تقریب معراج سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قادری شبیر نوری صدر تحریک آمن و اصلاح ضلع جموںو خطیب جامع مسجد کریانی تلاب نے کیا انہوںنے کہا آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جب بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ سے نعمتیں عطاہوئیں توآپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تحدیتِ نعمت اورشکریہ کے طورپر لوگوں کو اْن نعمتوں کے حوالے سے آگاہ بھی فرمایا۔ انہی نعمتوں اور بلندیوں میں سے ایک معراج بھی ہے معراج کی شب کو دین اسلام میں ایک نمایاں اور منفرد مقام حاصل ہے ۔للہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکان و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قرب کی حقیقت عطا فرمائی جس کا گمان بھی عقل انسانی میں نہیں آ سکتا.واقعہ معراج ہجرت سے پانچ سال قبل پیش آیا اور 27رجب کو ہی حضور اکرم نے معراج کی سعادت حاصل کی، اللہ کے حکم سے حضرت جبرائیل علیہ السلام پچاس ہزار فرشتوں کی برات اور براق (ایک سفید جانور جسے براق کہا جاتا ہے، اس پر زین کسی ہوئی تھی، لگام پڑی ہوئی تھی اور اس کی رفتار کا یہ عالم تھا کہ تاحد نگاہ جہاں تک نظر پہنچتی اپنا قدم رکھتا) لے کر نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور پھر سوئے عرش سفر شروع ہواانہوںنے کہاکہ آپ کی خاطر آسمانوں کے دروازے کھولے گئے یہاں تک کہ ساتویں آسمان سے آگے گزر گئے ، وہاں پر آپ کے رب نے اپنے ارادہ کے مطابق آپ سے گفتگو فرمائی. انہوںنے کہا حدیث مبارکہ یہ بتاتی ہے کہ معراج کس طرح ہوئی اور اس سفر میں کیا واقعات پیش ائے۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عجازالحق بخاری خطیب جامع مسجد عائشہ ترکوٹا نگر جموں نے کہا کہ اس وقت معراج النبی جیسے عظیم الشان معجزات کے متعلق نئی نسل کو بتانے کی ضرورت ہے ۔ عشق رسول ﷺ دلوں کے اند ر راسخ کرنے کے لئے فلسفہ معرا ج النبی کے مطالعے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت معاشرے میں اخلاقی قدروں کا فقدان ہے ۔ انسانی جانوںاور انسانی جزبات کی قدر کا فقدان ہے ، یہی وجہ سے اس وقت ہر چہار جانب سے اسلامی معاملات پر حملے دکھائی دے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ضرورت ہے کہ نوجوان دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات بھی حاصل کریں ۔ اسلامی تعلیمات سے معاشرے میں اخلاقی اقدار کا گراف بڑے گا ۔بہترین معاشرے کی تعمیر ہوگی ۔ اس موقعہ پر اس تقریب کا اختتام مولانا سید اعجازالحق بخاری کی رقت امیز دعائوں سے ہوا ۔ تقریب خاصی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔