یواین آئی
کیف؍؍یوکرین نے منگل کو اسپیس ایکس کے اسٹار لنک سیٹلائٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا۔’دی کیو انڈیپنڈنٹ’ کے مطابق سیٹلائٹ انٹرنیٹ سسٹم کے ٹیسٹ کے دوران رفتار 200 میگا بٹس فی سیکنڈ سے تجاوز کر گئی۔اسٹارلنک ٹرمینلز کی ایک کھیپ جو انٹرنیٹ صارفین کو اسپیس ایکس سے سیٹلائٹ پر مبنی انٹرنیٹ تک رسائی کی اجازت دیتی ہے منگل کی صبح یوکرین پہنچی۔یوکرین کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے وزیر میخائیلو فیدوروف نے اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کھیپ وصول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اسی دوران یوکرین کے نائب وزیر اعظم نے ٹویٹ کیاکہ "اسٹار لنک – یہ یہاں ہے، شکریہ ایلون مسک”۔ اس پر مسک نے جواب دیا کہ آپ کا خیرمقدم ہے۔یہ کھیپ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین کے رہنما نے ایلون مسک سے یوکرین میں انٹرنیٹ سروس میں کمی کو روکنے کے لیے آلات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ہفتہ کو مسک نے یوکرین میں اسٹار لنک کی سروس کو فعال کرنے کے بارے میں بتایا۔میخائیلو فیدوروف نے ایس او ایس (تین لفظوں پر مشتمل نشان) کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ "روس یوکرین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب مریخ پر انسانی بستی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب راکٹ خلا سے زمین پر لینڈ کررہا ہے، روسی راکٹ یوکرین کے شہریوں پر کامیابی سے حملہ کر رہے ہیں، ایسے وقت میں ہم آپ سے یوکرین کو اسٹارلنک اسٹیشن فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔‘