یو این آئی
ہیملٹن،// نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1۔2 سے ٹوئنٹی۔20 سیریز گنوانے کے بعدہندوستانی کپتان روہت شرما نے آج کہا کہ انہیں اس ہار سے تھوڑی مایوسی ہوئی ہے کیونکہ ٹیم انڈیا اس میچ کو جیت سکتی تھی۔ہیملٹن کے سڈن پارک میدان میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں ہندوستان کو نیوزی لینڈ نے چار رنوں سے ہرا دیا ۔ میچ کے بعد کپتان روہت نے کہا کہ اپنی اننگز کو میں آخر تک نہیں لے جاسکا اور ہمیں میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اس سے مجھے تھوڑی مایوسی ہوئی ہے ۔ٹوئینٹی ۔20 میچ میں 210 رن سے زیادہ کے ہدف کا پیچھا کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن ہم پھر بھی آخر تک میچ میں بنے رہے ۔انہوں نے میز بان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ نے شروع سے میچ کو اپنی گرفت میں رکھا ان کی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ اس جیت کے حقدار تھے ۔روہت نے کہا کہ ہم نے یک روزہ میچ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور ہمارے کھلاڑی اس بات سے بہت مایوس ہیں کہ ہم ٹوئنٹی ۔20 میں اس سلسلے کو جاری نہیں رکھ سکے تاہم اس سیریز میں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور ہمیں اپنے کھیل میں کافی سدھار کرنا ہے ۔یو این آئی۔