لوگوں کو مشکلات سے باہر نکالنے کی کوشش ضرورکروں گا:عمران ظفر
ناظم علی خان
مینڈھراسمبلی حلقہ مینڈھر کے سلواہ علاقہ میں کانگریس کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیڈر چوہدری عمران ظفر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اس موقعہ پر اجلاس میں موجود لوگوں نے چوہدری عمران ظفر کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے ان کے حق میں زور دار نعرے بازی کی اور ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا۔اس دوران خطاب کرنے والے لوگوں نے کہا کہ علاقہ کے اندر تعمیر و ترقی کے کاموں کا نام و نشان نہیں ہے کیونکہ لیڈران صرف ووٹ لینے کے وقت علاقہ کا دورہ کرتے ہیں اور چھ سال کے بعد پھر آ کر لوگوں کو بیوقوف بنا کر ووٹ بٹور لیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علاقہ کے اندر بجلی ،پانی اور سڑکوں کی خستہ حالت ہے جبکہ کوئی بڑا ہسپتال علاقہ کے اندر موجود نہیں ہے جس میں لوگ اپنا علاج کروا سکیں اور سر درد کو بھی لے کر لوگوں کو سب ضلع ہسپتال مینڈھر جانا پڑتا ہے جبکہ بجلی کی حالت نہائت ہی خستہ ہے اور کٹوتی کا کوئی بھی ٹائم مقرر نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پینے کا صاف پانی بھی لوگوں کو وقت پر مہیا نہیں ہو رہا ہے لہذا لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آپ لوگ اعلی احکام سے بات کریں اور لوگوں کو مشکلات سے باہر نکالیں۔اس موقعہ پر عمران ظفر نے لوگوں کی تمام باتیں سننے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ کہ آپ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی اور بجلی پانی اور سڑکوں کیلئے میں گورنر انتظامیہ سے بات کرکے آپ لوگوں کو مشکلات سے باہر نکالنے کی ضرور کوشش کروں گا ۔ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو کانگرس پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنا ہو گا کیونکہ چند مہینوں کے بعد مرکز میں کانگرس کی سرکار آنے والی ہے اور جب بھی ریاست کے اندر اسمبلی کے انتخابات ہوئے تو ریاست میں بھی کانگریس حکومت بنائے گی اور آپ لوگوں کے کام کاج ہوں گے کیونکہ کانگرس واحد ایک ایسی جماعت ہے جو ہر طبقہ کے لوگوں کو اپنے ساتھ لے کر چلتی ہے لہذا آپ لوگوں کو کانگریس کیلئے مضبوطی سے کام کرنا ہو گا۔اس موقعہ پر کئی لوگوں نے خطاب کیا آخر میں کانگریس سینئر لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد نے اجلاس میں آئے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ کانگرس پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے چلو گئے۔