نئی دہلی، یکم اگست (یو این آئی) ملک میں ایکیوٹ انسیفلائٹس سنڈروم (اے ای ایس) کے 148 معاملے سامنے آئے ہیں، جن میں 59 مریضوں کی موت ہوئی ہے اور 51 میں چاندی پورہ وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود نے جمعرات کو یہاں کہا کہ 19 جولائی سے ایکیوٹ انسیفلائٹس سنڈروم کے روزانہ نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جون کے آغاز سے گجرات میں 15 سال سے کم عمر کے بچوں میں اے ای ایس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بدھ تک اے ای ایس کے 148 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 140 کیس گجرات کے 24 اضلاع، چار مدھیہ پردیش، تین راجستھان اور ایک مہاراشٹر سے درج کیے گئے ہیں۔ متاثرہ 59 افراد کی موت ہوچکی ہے اور 51 معاملات میں چاندی پورہ وائرس (سی ایچ پی وی) کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت کے مطابق ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے ڈائریکٹر اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے قومی صحت مشن کے مشن ڈائریکٹرز، بیماریوں کی نگرانی کے مربوط پروگرام یونٹس اور راجستھان، مہاراشٹر اور گجرات کے صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے علاقائی دفاتر، این آئی وی، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور نیشنل سینٹر فار ویکٹر بورن ڈیزیز کنٹرول نے میٹنگ میں حصہ لیا۔