پبلک ایگزامینیشن (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ 2024 ملک میں موثرہوا

0
115

پرچہ لیک کرنے یا جوابی پرچہ کے ساتھ ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر کم از کم تین سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا التزام ہے
یواین آئی

نئی دہلی؍؍پیپر لیک پر ہونے والے ہنگامے کے درمیان، ملک میں پبلک ایگزامینیشن (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ (مرکزی بھرتی اور مرکزی تعلیمی اداروں میں داخلے کے لئے امتحانات کے لیے اینٹی پیپر لیک قانون) 2024 جمعہ کی رات سے موثرہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے دیر رات نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس قانون کے تحت پرچہ لیک کرنے یا جوابی پرچہ کے ساتھ ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر کم از کم تین سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا التزام ہے۔
عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کی مرکزی وزارت کے ذریعہ جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے، "عوامی امتحانات (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، 2024 (2024 کا 1) کے سیکشن 1 کی ذیلی دفعہ (2) کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت 21 جون 2024 کو مذکورہ ایکٹ کے التزامات کے نافذ ہونے کی تاریخ کے طور پرمقرر کرتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مسابقتی امتحانات میں بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت نے پبلک ایگزامینیشنز (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، 2024 کو پانچ فروری کو لوک سبھا میں پیش کیاتھا اور یہ بل 6 فروری کو پاس ہوگیاتھا۔ اس کے بعد اسے راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا، جہاں اسے 09 فروری کو پاس کردیا گیا تھا۔ دونوں ایوانوں سے منظور ہونے کے بعد، اس بل کو منظوری کے لیے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پاس بھیجا گیا اور انہوں نے 13 فروری کو اسے منظوری دے دی۔ اب مرکزی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے اس قانون کو جمعہ کی آدھی رات سے پورے ملک میں نافذ کر دیا ہے۔
اس قانون کے تحت پیپر لیک کرنے یا غیر منصفانہ طریقے استعمال کرنے پر کم از کم تین سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا التزام ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگر امتحان کے انعقاد کے لیے مقرر کردہ سروس پرووائیڈر قصوروار پایا جاتا ہے تو ایک کروڑ روپے تک کا جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔
اس قانون کے دائرہ کار کے تحت، یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی)، اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی)، مشترکہ داخلہ امتحان (جے ای ای)، این ای ای ٹی، کامن یونیورسٹی داخلہ ٹیسٹ (سی یو ای ٹی)، ریلوے، بینکنگ بھرتی امتحانات اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) ) طرف سے منعقد ہونے والے تمام امتحانات آئیں گے۔ اب ان امتحانات میں کوئی بھی کسی بھی قسم کی گڑ بڑی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف اس قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا