عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کیلئے تمام ہسپتالوں میں صحت سہولیات کو اَپ گریڈ کو یقینی بنایا جائے:سکینہ مسعود اِیتو
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سوشل ویلفیئر ، سکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے آج اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوںکی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے تمام ہسپتالوں میں صحت کی موجودہ سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کو یقینی بنائیں۔وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں بینکٹ ہال میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
https://en.wikipedia.org/wiki/Sakina_Itoo
میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ،کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، سی اِی او سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی، اِنجینئر اِن چیف جموں و کشمیر، ڈائریکٹر سکمز، ڈائریکٹر ہیلتھ جموں و کشمیر، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز، ایم ڈی این ایچ ایم، ڈائریکٹر آیوش، ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل، سیکرٹری ٹیکنیکل صحت و طبی تعلیم، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم ، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر، ایم سی ایچ اینڈ امیونائزیشن، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر، تمام جی ایم سیز کے پرنسپلوں، پرنسپل ڈینٹل کالج سری نگر، پرنسپل اِندرا گاندھی ڈینٹل کالج جموں اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر میں صحت خدمات کو بہتر بنانے کے مقصد سے جاری اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔وزیر سکینہ مسعود اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صحت سہولیات کو لوگوں کی ضروریات کے مطابق اَپ گریڈ کیا جائے۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اُترنے کے لئے محکمے کے اندرجوابدہی اور شفافیت کو برقرار رکھیں۔اُنہوںنے مختلف اہم منصوبوں پر کام کی پیش فت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کریں کیوں کہ وہ کوئی نیا منصوبہ شروع کرنے کے بجائے یہاں صحت شعبے میں بہتری لائیں گے۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ میڈیکل سیکٹر میں ضروری اصولوں کے مطابق کام کے معیار کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کریں۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ ہمارے لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہیلتھ کیئر کا ایک مضبوط نظام بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے جو ہمارے لوگوں کی ضروریات کے لئے قابل رسائی، مؤثر اور جوابدہ ہو۔ اُنہوں نے دونوں ڈائریکٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ 102 اور 108 ایمبولینس خدمات کے ساتھ ساتھ 104 ہیلپ لائن سروس کے بارے میں آئی اِی سی سرگرمیوں کو بالخصوص دیہی علاقوں میں منظم کریں تاکہ لوگوں میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کی جاسکے۔اُنہوں نے تمام افسران اور دیگر متعلقہ شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ معیاری صحت خدمات کی فراہمی اور پیدا ہونے والے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔ اُنہوں نے تمام پرنسپلوں اور دونوں ڈائریکٹروںسے کہا کہ وہ ضلعی اور ذیلی ضلعی ہسپتالوں سے سری نگرمیں روٹین ریفرل کو کم کریں۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ ایمرجنسی کیسز کی بجائے باقاعدہ مریضوں کو سری نگر ریفر کرنے پر ہسپتال اِنتظامیہ کا جوابدہ کیا جائے۔اُنہوں نے صحت شعبے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام ضلعی اور ذیلی ضلعی ہسپتالوں میں سہولیات کو اَپ گریڈ کریں تاکہ سری نگر کے ہسپتالوں کی طرف مریضوں کے رَش کو کم کیا جاسکے۔
اُنہوں نے تمام پرنسپلوں اور ڈائریکٹروںپر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ صحت اداروں میں ٹیسٹنگ کی تمام سہولیات کا آڈٹ کریں اور نجی تشخیصی اور لیبارٹری ٹیسٹنگ سینٹروں کی معمول کی چیک اپ بھی کریں تاکہ نرخوں کے تعین کے مسئلے کو حل کیا جاسکے۔اُنہوں نے اُنہیں مزید ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ طبی مراکز میں فروخت ہونے والی جعلی ادویات کی چیکنگ کے حوالے سے ٹھوس میکانزم قائم کریں۔ اُنہوں نے ان سے نسخے کا آڈِٹ کرنے اور ہفتوں کے اندر اس کی رپورٹ پیش کرنے کو بھی کہا۔وزیر سکینہ مسعود اِیتو نے محکمہ کے انسانی وسائل کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام خالی اَسامیوں کو فوری طور پر بھرتی کرنے والی ایجنسیوں کو بھیج دیں تاکہ ہمیں جموں و کشمیر کے تمام ہیلتھ کیئر اِداروں میں عملے اور طبی پیشہ ور افراد کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔
اُنہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت دی کہ وہ مناسب ٹرانسفر پالیسی وضع کریں اور بلاجواز قبل از وقت تبادلوں کے مطالبے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اُنہوں نے سیکرٹری صحت کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ گزشتہ چند برسوں میں کئے گئے ڈاکٹروں کے تمام اٹیچ منٹ کو منسوخ کریں اور انہیں اُن علاقوں میںبھیج دیں جہاں ڈاکٹروں کی فوری ضرورت ہے۔ دورانِ میٹنگ سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے محکمہ کی کارکردگی اور کام کاج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔