منشیات کے خلاف جنگ: اننت ناگ میں 2 کروڑ روپیوں سے زیادہ مالیت کا کمرشل کمپلیکس قرق:پولیس

0
204

سری نگر، یکم اگست (یو این آئی) منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ قصبے میں 2 کروڑ روپیوں سے زیادہ مالیت کے ایک کمرشل کمپلیکس کو منسلک کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اس کارروائی سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منشیات سمگلروں کو ایک بڑا دھچکا دیتے ہوئے بجبہاڑہ پولیس اسٹیشن نے تلخان بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے مرحوم عبد الرشید ڈار کے 2 کروڑ روپیوں سے زیادہ مالیت کے ایک کمرشل کمپلیکس کو قرق کیا۔انہوں نے کہا کہ اس جائیداد کی نشاندہی منشیات کی غیر قانونی تجارت خاص طور پر نشہ آور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کرنے کے طور پر کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ منسلک شدہ جائیداد میں سمتھن بجبہاڑہ میں قومی شاہراہ پر تعمیر کی گئی ایک کمرشل بلڈنگ ہے جو 5 کنال 12 مرلہ اراضی پر محیط ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 210/2020 میں ملوث تھا۔ان کا کہنا تھا: ‘ستمبر 2020 میں متوفی عبدالرشید ڈار کے احاطے میں ایک زیر زمین کمرہ کا پتہ لگایا گیا تھا جس میں کافی مقدار میں ممنوعہ مواد غالباً فکی تھیلوں اور پلاسٹک بیرل میں پیک کیا گیا تھا’۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متوفی نے یہ ممنوعہ مواد غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیا تھا اور اس کا غیر قانونی طور پر مقامی نوجوانوں کو فروخت کرنے کے لئے ذخیرہ کیا تھا اس طرح منشیات کی لت میں پڑنے والوں اور اس کے تجارت کو فروغ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جائے موقع سے 26 سو کلو وزنی 126 تھیلے اور 13 سو 96 کلو وزنی 60 پلاسٹک بیرل بر آمد کئے گئے تھے جن میں ممنوعہ مواد بھرا ہوا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ اننت ناگ پولیس نے غیر قانونی طور پر حاصل شدہ پیسے سے تعمیر ہونے والے کمرشل کمپلیکس کو منسلک کرکے منشیات فروشی کے خلاف سخت کارروائی انجام دی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا