ڈاکٹر آشوتوش گپتا نے کینسرکے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموں کے این ایس ایس یونٹ نے آن لائن ایک معلوماتی ویبنار سیشن ‘کینسر ٹاکس’ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا انعقاد اس مہلک بیماری کے بارے میں بیداری پھیلانے اور طلباء کو ممکنہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتانے کے لیے کیا گیا تھا۔اس تقریب کا کامیاب انعقاد جی سی او ای کی این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر شبھرا جموال نے پروفیسر شاپیا شمیم بھٹی، پروفیسر سیما کماری، اور پروفیسر سریتا ڈوگرا کے ساتھ کیا۔اس پروگرام میں اس دن کے سپیکر ڈاکٹر آشوتوش گپتا، پروفیسر، اور ہیڈ ریجنل کینسر سنٹر، جی ایم سی، جموں کے ایک گیسٹ لیکچر پر مشتمل تھا۔انہوں نے وقتاً فوقتاً بیماریوں کی اسکریننگ اور بروقت علاج کے لیے تشخیص پر زور دیا اور کہا کہ ایک موثر بیداری مہم کی ضرورت ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر آشوتوش گپتا نے اس بیماری کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور طلباء کے سوالات کا جواب دیا۔وہیںویبنار سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر کلوندر کور نے کہا کہ کینسر سے ہونے والی اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے اس طرح کے مباحثوں کا انعقاد ضروری ہے۔