ممبئی //شاہ رخ خان جب گھر میں خالی بیٹھے رہتے ہیں ، تواس وقت بھی وہ گیند پروار کے بارے میں سوچتے ہیں ۔ ان کا خیال ہے کہ اگر آپ پہلی ہی گیند پر وار کر سکتے ہیں، تو 10 گیندوں تک رکنا ہی کیوں ؟ وہ کہتے ہیں، ’’ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ پہلی ہی گیند پر چھکا لگا سکتے ہیں، تو بس مار دو ، اتنا سوچنے ہی کیوں ، میں صرف اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترتا ہوں ‘‘۔
تامل ناڈو کے جارحانہ بلے باز شاہ رخ خان، جنہیں حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کے ریزرو کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔ شاہ رخ خان نے گزشتہ سال سید مشتاق علی ٹرافی کے فائنل میں آخری گیند پر چھکا لگا کر کرناٹک پر سنسنی خیز فتح دلائی تھی ، جب ان کی ٹیم تمل ناڈو کو آخری گیند پر پانچ کی ضرورت تھی ۔ شاہ رخ جب کریز پر آئے تو ان کی ٹیم کو 17 گیندوں میں 36 رن درکار تھے اور انہوں نے اکیلے 15 گیندوں میں 33 رن بنا کر اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلائی۔
اس کے بعد شاہ رخ نے وجئے ہزارے ٹرافی کے فائنل میں بھی 21 گیندوں میں 42 رن کی زبردست اننگز کھیل کر ٹیم انڈیا میں اپنی دعویداری پیش کی۔ اس سے قبل شاہ رخ نے آئی پی ایل 2021 میں بھی سب کو متاثر کرتے ہوئے پنجاب کنگز کی طرف سے لوئر آرڈر میں کچھ اہم اننگز کھیلی تھیں ۔
مجموعی طور پر شاہ رخ نے بہت کم وقت میں سب کی اپنی طرف متوجہ کیا اور آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی میں انہیں ایک بڑے دعویدار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔