لکھنو://سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے پیر کو اپنے پرچہ نامزدگی کو’مشن‘قرار دیتے ہوئےکہا کہ اترپردیش کا یہ الیکشن ریاست وملک کے لئے اک نئی تاریخ رقم کرے گا۔
اکھلیش یادو اپنا پرچہ نامزدگی ضلع مین پوری کی کرہل اسمبلی سیٹ سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کررہے ہیں۔یہ پہلی بار ہے کہ اکھلیش اسمبلی انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کررہے ہیں۔
اکھلیش نےپرچہ نامزدگی کے لئے روانہ ہونے سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا’یہ نامینیشن(نامزدگی) ایک’ مشن‘ ہے۔کیونکہ یہ الیکشن ملک و ریاست کے لئے ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔آئے ترقی پسند سوچ کے ساتھ مثبت سیاست کی اس تحریک میں شرکت کریں۔منفی سیاست کو ہرائیں بھی ،ہٹائیں بھی۔جئے ہند‘۔
مین پوری سے روانہ ہونے سے قبل اکھلیش نے کہا کہ اس علاقے کا نیتا جی(ملائم سنگھ) سے پرانے تعلقات ہیں۔یہاں کے لوگ ہمیشہ سے سماجوادی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مثبت و ترقی پسند سیاست کی حمایت کی ہے۔میں پر امید ہوں کہ اس الیکشن میں عوام منفی سیاست کرنے والوں کو شکست سے دو چار کر کے انہیں اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائیں گے۔
وہیں نامزدگی کے لئے روانہ ہوئے اکھلیش کا سیفئی سے کرہل کے درمیان 30کلو میٹر کی مسافت میں جگہ جگہ گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔گلابی رنگ کے وجئے رتھ پر سوار ایس پی سربراہ ہاتھ ہلا کر عوام کی محبت کا جواب دیتے نظر آئے۔سینکڑوں گاڑیوں کی قافلے کے درمیان امڈے عوام کے جم غفیر کی وجہ سے وجئے رتھ تقریبا ایک بجے مین کے کلکٹریت پہنچنے کے امکان ہیں۔بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔