دہلی کے اسکول اچھے ہوگئے اب پنجاب کی بار ی

0
0

اگر پنجاب میں’ حکومت بنتی ہے تو اگلے پانچ سال تک ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں: کیجری وال
یو این ائی
نئی دہلی ؍؍ عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو کہا کہ اگر پنجاب میں آپ کی حکومت بنتی ہے تو آئندہ پانچ برسوں میں ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائیگا اور 24 گھنٹے مفت بجلی دی جائے گی۔مسٹر کیجریوال نے پنجاب کے جالندھر میں تاجروں کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں شہروں کی ترقی کے لئے 11 نکاتی ایجنڈے پر کام کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ اگر پنجاب میں آپ کی حکومت بنتی ہے تو اگلے پانچ سالوں میں ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب میں بھی چھاپے بند کریں گے، موجودہ انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے اور نئی صنعتیں لگانے کے لیے انسینٹیو دیئے جائیں گے۔ شہروں کے صفائی ستھرائی کے نظام کو ٹھیک کریں گے۔ 24 گھنٹے مفت بجلی اور 24 گھنٹے پینے کا پانی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کی طرح پنجاب میں بھی ڈوراسٹیپ ڈلیوری شروع کی جائے گی اور بجلی کے تار زیر زمین کئے جائیں گے۔ اسپتال اور کلینک کو بہتر بنایا جائے گا اور اس میں تمام علاج مفت ہوگا۔ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے، بازار کی سڑکیں اور پارکنگ ٹھیک کی جائے گی۔ آپ نے 26 سال کانگریس کو اور 19 سال بادل خاندان کو دے کر دیکھا ہے۔ اب ان کے پاس کوئی نیا کام نہیں ہے۔ ہم نئے ہیں، ہمارے پاس توانائی، منصوبے اور اچھے ارادے ہیں۔ ہمیں پانچ سال دیکر دیکھ لیجئے۔ ہم نے دہلی میں لوگوں کا دل جیتا ہے ، ہمیں آپ کا بھی دل جیتنا ہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا ‘‘میں بہت چھوٹا آدمی ہوں، میری عمر اور تجربہ کم ہے۔ ہم دہلی میں حکومت چلا رہے ہیں۔ دہلی کے اسکول اب بہت اچھے ہو گئے ہیں۔ اس بار سرکاری اسکولوں کا بارہویں کا نتیجہ 99.6 فیصد آیا۔ ہندوستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں سوچا گیا تھا۔ آپ دوسری ریاستوں پر ایک نظر ڈال سکتے ہیں۔ کہیں 45 فیصد، کہیں 50 فیصد، کہیں 55 فیصد نتائج آتے ہیں۔ ہمارے سرکاری اسکولوں کے بچوں کے داخلے آئی آئی ٹی میں ہو رہے ہیں۔ اس بار 350 بچوں کے ایڈمیشن ہوئے ہیں۔ ہمارے بچے نیٹ کلیئر کر رہے ہیں، وکالت کر رہے ہیں اور اب ہمارے سرکاری اسکولوں کے بچے روانی سے انگریزی بولنے لگے ہیں۔ دہلی کے اسکولوں کے اندر اصل قوم کی تعمیر ہو رہی ہے۔ ہم نے اسپتالوں کو بہتر بنایا ہے‘‘۔مسٹر کیجریوال نے کہا ’’ہم نے دہلی میں چھاپے بند کردیئے ہیں۔ اب تاجروں کے یہاں ریڈ نہیں ہوتی ہے۔ دہلی میں ہم نے تاجروں کو واٹس ایپ نمبر دیا کہ اگر کوئی انسپکٹر آئے تو اس کی تصویر لے کر بھیج دیں۔ اس کے بعد تمام انسپکٹر گھر بیٹھ گئے۔ ہم نے تاجروں کے چھوٹے چھوٹے قانونی مسائل حل کئے۔ پنجاب میں بھی ہم تاجروں کے تمام مسائل حل کریں گے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ شہر کے اندر صفائی کا بڑا مسئلہ ہے۔ پنجاب میں کچرے کو ٹھکانے لگانے، روزانہ کی صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا بڑا مسئلہ ہے۔ میں نے اس پر 11 نکات بنائے ہیں۔ سب سے پہلے صفائی کا انتظام کرنا ہوگا، دوسرا ہم نے دہلی میں ڈور اسٹیپ ڈیلیوری شروع کی، تیسرا زیر زمین کیبلنگ ہے، چوتھا پوائنٹ اسپتال اور محلہ کلینک کے بارے میں بتاتے ہوئے آپ کنوینر نے کہا کہ دہلی کے ہر علاقے میں ایک ایک کلینک بنادیا گیا ہے۔ وہاں تمام ٹیسٹ، تمام علاج اور ادویات مفت ہیں۔ دہلی کے اندر 60 ہزار اساتذہ ہیں اور ان اساتذہ نے انقلاب لاکر دکھادیا ہے۔ آج دہلی میں انہی ڈاکٹروں اور نرسوں نے انقلاب دکھایا ہے۔ ہم پنجاب میں بھی یہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب کے اسکولوں کے لئے اچھا کام کریں گے جیسے ہم نے دہلی میں کئے ہیں۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ جتنے بازار ہیں وہاں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ ہم سڑکیں ٹھیک کریں گے، پارکنگ بنائیں گے، بیت الخلا کی سہولت فراہم کریں گے۔ ہمیں نہیں پتہ کے کاروبار کیسے کرتے ہیں ، ہمیں نہیں معلوم کہ پنجاب کی انڈسٹری کیسے چلتی ہے۔ آپ کے ساتھ بیٹھیں گے، آپ فیصلہ کریں گے، آپ جو کہیں گے، آپ کے مطابق حکومت چلے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا