ریاستوں کو نگرانی میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے: وزیرصحت
یو این ائی
نئی دہلی ؍؍ صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مانسکھ مانڈویہ نے ریاستوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ نگرانی رکھنے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔کورونا وائرس کی عالمی وباء سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ کے روز پانچ مشرقی ریاستوں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ میں مسٹر مانڈویہ نے کہا کہ کووڈ-19 کے خلاف لڑائی مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ کوشش اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے پانچ مشرقی ریاستوں اڈیشہ، بہار، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے ریاستی وزراء صحت اور پرنسپل سکریٹری اور ایڈیشنل چیف سکریٹریوں سے بات چیت کی۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار اور نیتی آیوگ کے ہیلتھ ممبر ڈاکٹر وی کے پال بھی موجود تھے۔اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں جھارکھنڈ کے بننا گپتا، چھتیس گڑھ کے ٹی ایس سنگھ دیو اور بہار کے منگل پانڈے شامل تھے۔جائزہ میٹنگ میں مسٹر مانڈویہ نے کہا کہ اگرچہ زیادہ تر ریاستوں میں پچھلے دو ہفتوں کے دوران تازہ معاملوں اور انفیکشن کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے، مگر پھر بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ریاستی وزراء صحت پر زور دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں اور RT-PCR ٹیسٹنگ کی شرحوں میں اضافہ کریں کیونکہ زیادہ تر ریاستوں میں PTPCR جانچ کی شرح کم ہے۔مرکزی وزیر نے ریاستوں سے کہا کہ وہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے مرکزی حکومت نے فنڈ جاری کیا ہے۔ ریاستوں کو اسے استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے میں ریاستوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی