صائمہ صدف بنت محمد شکیل احمد۔
جی آئی او ممبئی ریجن۔
الیکشن کی فضا ملک کے مختلف حصوں میں چھائی ہوئی ہے۔ یوپی کے بعد عنقریب گجرات میں بھی الیکشن کا بگل بجنے والا ہے۔ ایسے میں ایک ذمہ دار کی حیثیت سے تمام ووٹرز کی یاد دہانی کرانا ضروری ہے۔ ہم تمام شہریوں کو بحیثیت ووٹر ایک امانت کی طرح اپنے ووٹ کو اہل اور قابل امیدواروں کے حوالے کرنا ہے۔ یقیناً ووٹ دینا نہ صرف ہمارا آئینی حق ہے بلکہ ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ اس حق کا استعمال ملک کی فلاح وبہبود کے لیے ہو۔ ہم ووٹ انھیں دیں جو حقیقتاً ترقی کے لیے کام کریں۔ جو لوگوں کے مسائل سے آگاہ ہوں اور انھیں حل کرنے کےلیے کوشش کرتے ہوں۔ جو نفرت اور فرقہ واریت کی تاریکیوں میں بھی امن اور محبت کے سفیر ہوں۔ سماجی، معاشی، تعلیمی میدانوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے ہوں۔ خاص طور پر ملک کے نوجوان طبقے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرسکیں۔ ملک سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے جن کے پاس بہتر ین منصوبہ ہو۔ ایسے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینا اور ان کو بڑھاوا دینا ہر ووٹر کی ذمہ داری ہے۔
سوال یہ بھی پیدا ہو تاہے کہ اس پر فتن دور میں بھلا ایسے قابل امیدواروں کو کیسے ڈھونڈا جائے، اور کیسے پہچانا جاۓ۔ اس کے لیے ہمارا بیدار اور جانکار شہری بننا بہت ضروری ہے۔ ہمیں علم ہونا چاہیے کہ سماج کے مسائل کیا ہیں، اور ان کے حل کرنے کے لیے کون واقعی کوشاں ہیں۔ تمام امیدواروں کو اسی کسوٹی پر جانچنے کے لیے ہمیں اپنی ذات سے آگے بڑھ کر سماج کی طرف نظر کرنی ہوگی اور educate ہونا ہوگا۔ صرف الیکشن کے دنوں میں نہیں بلکہ پورے سال ملک کے حوالے سے باخبر رہنا، اور فلاح کے کاموں میں ساتھ دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
ووٹ دینے کا حق آپ کی ایک طاقت ہے، ملک سے نفرت کے خاتمے کیلئے اور وطن عزیز کی ترقی اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی اس طاقت کا استعمال ضرور کریں۔ ذمہ داری سے ووٹ دیں۔