یواین آئی
شملہ؍؍پورے ملک میں ہماچل پردیش کی چھ جان بچانے والی دوائیوں سمیت 33 نمونے فیل ہو گئے ہیں۔ یہ انکشاف سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے کیا ہے۔سی ڈی ایس سی او نے پورے ملک سے 1385 ادویات کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے لئے تھے جن میں سے 33 نمونوں کی رپورٹ فیل ہوگئی۔ ریاستی ڈرگ کنٹرولر نونیت مرواہ نے اس کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اے این جی لائف سائنس انڈسٹریز، بادی کی دوا پینٹاپروزولک کا نمونہ فیل ہو گیا ہے۔ یہ دوا پیٹ کی گیس کو دور کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ویل کیور ریمیڈیز کمپنی ناہن کی سیف پوڈکسم ڈیبلیٹ 200 ایم جی اور سن فارماسیوٹیکلس ہرولی کی طرف سے درد کو کم کرنے والی ڈکلوفیناک کے نمونے بھی فیل ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی نالہ گڑھ کے تھیون فارما کے جسم میں سوزش کو کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی دوا ٹریپسن اور لیبارٹری فارماسیوٹیکل پاونٹا صاحب کے ڈیازاپم انجکشن کا نمونہ بھی ناکام ہو گیا ہے اور سیلیبیریٹی بایوفرما باروٹی والا کی اینٹی بائیوٹک دوا سیپروفلوکسین گولی کا نمونہ بھی فیل پایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام فارما کمپنیوں کو نوٹس جاری کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ اتراکھنڈ کے میسکوٹ ہیلتھ سیرج، تلنگانہ کی ہیٹرو لیب کے ذریعہ تیار کردہ دوا کووی فور کا نمونہ بھی فیل پایا گیا ہے۔ کولکتہ، ہریدوار، حیدرآباد سے لی گئی دوائیوں کے نمونے بھی فیل ہوگئے ہیں۔